راولپنڈی: لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے پیپلز پارٹی کو لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت دے دی جس سے بلاول بھٹو خطاب کریں گے۔ عدالت نے ڈی سی راولپنڈی کو 26 دسمبر کو طلبی کا نوٹس بھی جاری کر دیا۔
لاہور ہائیکورٹ پنڈی بینچ میں پیپلزپارٹی کی جانب سے لیاقت باغ میں جلسہ کرنے کی اجازت کیلئے درخواست دائر کی گئی تھی، عدالت کے روبرو پیپلزپارٹی کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ پورے ملک سے کارکنان نے یہاں اکٹھا ہونا ہے، کسی اور جگہ اتنی بڑی تعداد میں کارکنان کو اکٹھا نہیں کرایا جا سکتا، انتظامیہ سیکورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر جلسے کی اجازت نہیں دے رہی۔
جسٹس طارق عباسی نے وکلائے طرفین کا موقف سننے کے بعد پیپلزپارٹی کو جلسے کی اجازت دے دی اور ڈی سی راولپنڈی کو 26 دسمبر کو عدالت میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کر دیا۔