خوشخبری: وفاقی کابینہ کا بڑا فیصلہ، 89 ادویات کی قیمتوں میں پندرہ فیصد کمی کردی

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں عوام کی سہولت کیلئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 89 ادویات کی قیمتوں میں پندرہ فیصد کمی کر دی گئی ہے جس پر فوری طور پر اطلاق ہوگا۔

کابینہ اجلاس کے بعد فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ میں وزیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ 2018ء کی میڈیدیسن پرائسنگ پالیسی کے تحت ادویات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ادویات کی قیمتوں میں 158 فیصد اضافہ ہوا تھا۔ آج وفاقی کابینہ سے 89 ادویات کی قیمتوں میں 15 فیصد کمی کی منظوری لی ہے۔ ادویات کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

وزیر صحت نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایات جاری کی ہیں کہ 15 روز میں میڈیسن پالیسی کا جائزہ لیں۔ آنیوالے چند ہفتوں میں میڈیسن سے متعلق نیشنل پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔

اس موقع پر معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا کو کابینہ کے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی سفارش پر پولیو مہم میں استعمال ہونیوالے فنگر مارکر کی بھارت سے درآمد کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کابینہ نے ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کیلئے پیکج کی منظوری دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں