لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ویڈیو نہیں فوٹیج کی بات کی تھی کا بیان دے کر شہریار آفریدی یوٹرن نیازی بن گئے ہیں۔ قوم سے معافی مانگیں، ثبوت ہے نہ ویڈیو، شہریارآفریدی باتیں نہ کریں، استعفی دیں۔
وفاقی وزیرمملکت شہریارآفریدی کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے طلال چودھری کا کہنا تھا کہ یوٹرن ماسٹر کے یوٹرن چیلے جھوٹ پر جھوٹ بولنے کے بجائے استعفی دیں، قوم نے دیکھ لیا کہ ایک جھوٹ کی بنیاد پر رانا ثناءاللہ کو ناحق اور بے گناہ 7 ماہ قید رکھا گیا۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ شہریارآفریدی باتیں نہ کریں اپنے جھوٹ پر استعفی دیں، انکی آنکھوں میں آج اپنے جھوٹ پر ندامت، شرم اور پشیمانی نظرنہیں آئی بلکہ بدستور ڈھٹائی نظرآئی، قوم منتظر تھی کہ شہریار آفریدی آج قوم کے سامنے ویڈیو پیش کرتے۔
طلال چودھری کا کہنا تھا کہ شہریار آفریدی پریس کانفرنس میں بوکھلاہٹ اور خوف کا شکار ہوئے، بہتر ہوتا کہ آج وہ اللہ تعالی سے اپنے جھوٹ پر توبہ کرتے قوم سے معافی مانگتے، دوسروں پر الزام لگانا بہت آسان ہے لیکن اس کا ثبوت دینا بہت مشکل منطقی انجام کی باتیں کرکے آج بھی دھمکیاں دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نعروں، دوسروں پر الزام اور پریس ٹاک پر سزا نہیں ہوتی، ثبوت اور شواہد دینا ہوتے ہیں 7 ماہ تک راناثناء اللہ کو بے گناہ جیل میں رکھا، اس پر اللہ تعالی سے توبہ کریں، قوم سے معافی مانگیں، ثبوت ہے نہ ویڈیو، شہریارآفریدی باتیں نہ کریں، استعفی دیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مریم نواز کی درخواست مسترد کرنا انتقام ہے ۔ رانا ثنااللہ کی ضمانت منظور ہوگئی ۔ قسمیں کھا کر جو موقف اپنایا گیا وہ چکنا چور ہو گیا۔ حکومت اپوزیشن کو نشانہ بنا کر ماحول خراب کررہی ہے ۔ اس وقت جو حالات ہیں اس سے ملک کو نقصان پہنچے گا۔
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے رانا ثناء اللہ پر الزامات لگانے والوں سے استعفے کا مطالبہ کر دیا۔ کہتی ہیں سلیکٹڈ کی چھٹی ہونے والی ہے ،لیگی رہنماؤں کے جیل جانے سے عمران خان اہل نہیں ہوسکتے، نوازشریف کے تمام منصوبوں پر تالا لگایا جارہاہے۔
دوسری طرف پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ جان اللہُ کو دینی ہے لیکن ثبوت عدالت کو دینا ہونگے، رانا ثناء کے خلاف بھاشن دینے کی بجائے شہریار آفریدی ثبوت فراہم کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلی بار ایسا جھوٹا دیکھا جو شرمندہ ہونے کی بجائے سینہ تان کر کھڑا ہے. شکر ہے پی ٹی آئی کو بھی تضحیک کا مفہوم سمجھ آیا. آفریدی اپنی سیاسی تضحیک پر تو دکھی ہے لیکن اپنی بد زبانی یاد نہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ میڈیا ٹرائل کی شکایت کرنیوالے ہمارے میڈیا ٹرائل یر بغلیں بجاتے تھے، پی ٹی آئی والے زبان کے غازی ہیں، انکا کردار اور ضمیر مردہ ہے، شہریار آفریدی اور عمران خان جیسے لوگوں نے تبدیلی کا لفظ بدنام کر دیا. حسن مرتضی عمران کی تبدیلی کا نعرہ ععام کیلئے ایک بھیانک خواب ثابت ہوا۔