چندروز میں 5 ہزار سے زائد افرادنزلہ ، زکام ، بخار ، سر درد اوردیگر امراض میں مبتلا ہو کر ہسپتال پہنچ گئے ، سموگ سے بچائو کیلئے تمام تعلیمی اداروں ،سرکاری دفاتر میں آگاہی مہم چلائی جائے گی
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)شہر و گردونواح میں بارش نہ ہونے سے سموگ ، دھند اورگردوغبار میں اضافہ ہوگیا ،صبح اور شام کے وقت گردوغبار نے بادلوں کی شکل اختیار کر لی ۔ شدید دھند اور فیکٹریوں کے زہریلے دھو یں سے خطرناک بیماریوں پھیلنے لگیں ، عوام کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔چند دنوں میں ڈی ایچ کیو ہسپتال سمیت دیگر سرکاری ہسپتالوں میں5 ہزار سے زائد مریض نزلہ ،زکام ،بخار ،سردرد ،کمر درد کا شکار ہوکر طبی امداد لینے پہنچے تاہم ہیلتھ اتھارٹی،محکمہ ماحولیات اور ضلعی انتظامیہ نے سموگ ،دھند سے بچاؤ کیلئے آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے ،تعلیمی اداروں سمیت دیگر شعبہ جات کے افرا د کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق شدید دھند ،سموگ سے دمہ ‘ٹی بی ‘ سی وائرس ‘نزلہ ‘بخار ‘کھانسی ‘ہارٹ اٹیک ‘آنکھوں کی بیماریاں ‘چہرے ہاتھوں پر جلن، خارش وغیرہ بڑھنے کا خدشہ ہے ۔ سموگ سے بچائو کیلئے تمام تعلیمی اداروں ،سرکاری دفاتر میں آگاہی مہم چلائی جائے گی ،موٹر سائیکل چلانے والے شہریوں کو ماسک اورعینک کے استعمال کو لازمی بنانے کی تلقین کی جائیگی۔