اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ بلاول صاحب! بی بی شہید کا مشن اور کمیشن اکٹھے نہیں چل سکتے۔
چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے خطاب کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاسی یتیم وہ ہیں جو ایک پرچی سے پارٹی پر مسلط ہوئے۔ ایک دوسرے پر مقدمے بنانے والے آج ایک دوسرے کے وکیل بنے ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ لیاقت باغ کا خالی میدان کرپشن بچاؤ مہم سے لاتعلقی کا اعلان ہے۔ ذاتی مفاد سے جڑے بیانیے کو مسترد کر کے عوام نے سیاسی افق سے کرپشن بچاؤ ٹولے کو الوداع کر دیا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت کے خاتمے کا خواب دیکھنے کی بجائے سندھ سے بھوک اور افلاس کے راج کا خاتمہ کریں۔ لکھی ہوئی تقریر پڑھنے سے قوموں کی تقدیر نہیں بدلے گی۔
اس سے قبل انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں کہا تھا کہ اداروں کا قانون پر عمل کرنا ڈاکو، چور اور مافیا کو برا لگتا ہے۔ عمران خان کی مافیا کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ چورلٹیروں اور ڈاکوؤں کے قبضے سے قوم کا مال نکلوانا عبادت ہے، اس نیک مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
دوسری طرف وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے راولپنڈی میں ہونے والے جلسے کے بعد مجھے جواب دینے کی ضرورت نہیں کیونکہ جلسے میں کچھ خاص نہیں تھا۔ یہ کوئی اتنا تاریخی جلسہ نہیں تھا۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ یہ کوئی تحریک چلانے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ بلاول بھٹو نے کوئی نئی بات نہیں کی۔ پنجاب میں ہمارا مقابلہ ن لیگ سے ہوگا پیپلز پارٹی سے نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے بارے میں بہت بڑی باتیں کرتے ہیں، بینظیر بھٹو کی شہادت کے کیس میں کوئی بھی ان میں سے پیشی پر نہیں گیا۔