اسلام آباد: لاہور، اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں سال نو کی آمد پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، ہوائی فائرنگ، اسلحے کے نمائش، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور ون ویلنگ پر پابندی ہوگی۔
ممکنہ حادثات اور ہلڑ بازی سے بچاؤ کیلئے پولیس نے اقدامات کرتے ہوئے سال نو کی آمد پر ملک کے مختلف شہروں میں دفعہ 144 نافذ کر دی۔ کراچی میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی نہیں ہو گی البتہ ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
شہر اقتدار میں بھی دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔ ون ویلنگ یا دیگر خطرناک کرتب دکھانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف مقدمات کا اندراج کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں نیو ائیر نائٹ پر امن و امان سے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دیں، ہلڑ بازی، ون ویلنگ کی اجازت نہیں ہوگی، قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
کوئٹہ میں بھی نئے سال کی آمد پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی کیخلاف اقدامات کیلئے دفعہ 144 نافذ ہے۔ شادی ہالز میں بھی نیو ایئر نائٹ کی محفلوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ پشاور میں بھی انتظامیہ نے سال نو کی آمد پر ہوائی فائرنگ روکنے کیلئے دفعہ 144 نافذ کی ہے۔