لاہور: گیس کی بندش کے باعث شہری متبادل ایندھن کے استعمال پر مجبور ہو گئے، ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں اضافے کا رجحان جاری ہے، صرف دس روز میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں پچاس روپے کا اضافہ ہو گیا۔ انتظامیہ اوگرا کے مقررکردہ نرخوں پر عملدرآمد کروانے میں بھی ناکام ہوگئی۔
سوئی گیس بحران شدید ہوگیا، ایندھن کے متبادل ذرائع کے نرخ بھی بے قابو، ایل پی جی مافیا کی نان سٹاپ منافع خوری بھی جاری ہے۔ اوگرا کے مقرر کردہ نرخوں کی کھلے عام خلاف ورزی معمول بن گیا۔ انتظامیہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کروانے میں بھی ناکام ہو گئی۔
صرف 10 روز میں ایل پی جی کی قیمت میں 40 سے 50 روپے تک کا اضافہ ریکارڈ، اوگرا نے قیمت 90 روپے سے بڑھا کر 129 روپے فی کلو مقرر کر دی۔ ایل پی جی مافیا سرکاری نرخ کے برعکس 160 سے170 روپے فی کلو فروخت کررہا ہے۔ گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ رکشہ ڈرائیورز اور دیگر بھی قیمتوں میں اضافہ پر پریشان ہیں۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ ڈسٹری بیوٹرز کو کوئی پوچھنے والا نہیں، ضلعی انتظامیہ دکانداروں کے خلاف دکھاوے کی کارروائی کرتی ہے۔