لاہور میں تین منزلہ عمارت میں آتشزدگی، چار افراد جاں بحق، 19 جھلس کر زخمی، تفصیلات جان لیں

لاہور: موچی گیٹ کے علاقے میں چمڑے کے گودام میں آگ لگنے سے 4 افراد جاں بحق اور 19جھلس گئے۔ بلڈنگ کی بالائی منزل میں مقیم افراد دھویں کی وجہ سے متاثر ہوئے، زخمیوں کو میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
جاں بحق افراد میں فیروز خان، عبدالمالک، عبدالودود اور خدا یار نور شامل ہیں جبکہ ضیا خان، عطاء الدین، تیمور خان، شہاب الدین سمیت 19 افراد جھلس کر زخمی ہوئے۔ ریسکیو اہلکاروں کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں سے 3 افراد کی حالت تشویشناک ہے، آگ شارٹ سرکٹ کے باعث 3 منزلہ عمارت کے فسٹ فلور میں لگی۔

جھلسنے والے افراد کا کہنا تھا کہ آگ چمڑے کو لگی، عمارت میں 200 افراد رہائش پذیر ہیں، آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔ ایس پی سٹی صفدر رضا کاظمی بھی میو ہسپتال پہنچے، انکا کہنا تھا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، تحقیقات ٹیمیں واقعہ کی تحقیق کر رہی ہیں۔

ریسکیو کی 12 گاڑیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق بلڈنگ کے گرد بجلی کی تاروں کا جال ہونے کی وجہ سے آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں