2019ء مشکل سال تھا، اب معاشی صورتحال بہتر، پاکستان ترقی کریگا: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انشا اللہ 2020ء میں پاکستان ترقی کی منازل طے کرے گا۔ عالمی ادارے پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں، لوگوں کو نوکریاں ملیں گی۔
اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قوموں پر مشکل وقت آتے رہتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ برے وقت میں انسانوں کو آزماتا ہے۔ آزمائش سے نکلنے والی قومیں مضبوط ہو جاتی ہیں۔ ہمارا ہدف سسٹم کو ٹھیک کرنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں تعلیم پر توجہ نہیں دی گئی۔ حالات اچھے نہ ہونا تعلیم پر توجہ نہ دینے کی وجہ ہے۔ ایک دور تھا کہ مشرق وسطیٰ سے پاکستان لوگ تعلیم حاصل کرنے آتے تھے۔ اسلام میں تعلیم کے حصول پر بہت زور دیا گیا۔ اعلیٰ تعلیم کا معیار بڑھانا بہت ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے شمار وسائل سے نوازا ہے۔ ہمارا ہدف ملکی نظام ٹھیک کرکے میرٹ بحال کرنا ہے۔ سابق حکمران ملک کو ایشین ٹائیگر بنانا چاہتے تھے، یہ چھوٹا وژن ہے۔ میں پاکستان کو مدینہ کی ریاست بنانا چاہتا ہوں جس میں سب کے لیے ایک جیسا قانون تھا، جس نے پہلی دفعہ کمزور طبقے کی ذمہ داری لی۔

وزیراعظم عمران خان نے اعتراف کیا کہ 2019ء ایک مشکل سال تھا۔ روپے کی قدر میں کمی ہونا شروع ہوئی تو حالات بہت خراب تھے۔ روپے کی قدر کم ہونے سے ہی مہنگائی بڑھی، تاہم اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اب معاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں۔ عالمی ادارے معاشی بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں