وزیر اعلیٰ پنجاب کی چھوٹے کاروبار کیلئے نئی قرضہ سکیم شروع کرنیکی منظوری

نئے یا موجودہ کاروبار کیلئے آسان شرائط پر50لاکھ تک کا قرض لیا جاسکے گا،مردو خواتین ، خواجہ سرا بھی مستفید ہوسکیں گے عثمان بزدار کی زیر صدارت ماحولیاتی تحفظ کونسل کا اجلاس،لوگوں کو صاف فضا میں سانس لینے کا حق لوٹانا چاہتے ہیں:بزدار
لاہور(سیاسی رپورٹر سے ،اے پی پی )وزیر اعلیٰ پنجاب نے چھوٹے کاروبار کیلئے نئی قرضہ سکیم شروع کرنیکی منظوری دیدی۔بدھ کو اس حوالے سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس ہوا ۔ سکیم کے تحت نئے کاروبار یا موجودہ کاروبار کیلئے آسان شرائط پر قرضہ فراہم کیا جائیگا۔ سکیم کے تحت 50لاکھ روپے تک کا قرضہ لیا جاسکے گا۔مرد اورخواتین کے ساتھ خواجہ سرا بھی سکیم سے استفادہ کرسکیں گے ۔قرضہ مینوفیکچرنگ، سروسز اورٹریڈنگ کے شعبوں کیلئے دیا جائیگا۔ بینک آف پنجاب قرضہ سکیم کے اجرا کے حوالے سے پنجاب سمال انڈسٹریزکارپوریشن سے تعاون کریگا۔ اجلاس میں کاٹیج انڈسٹری کے فروغ کیلئے بھی قرضہ سکیم کے آغاز کی منظوری دی گئی۔اس سکیم کے تحت ایک لاکھ سے تین لاکھ روپے تک کا قرضہ آسان شرائط پر دیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے قرضہ سکیموں سے متعلقہ ضروری امور جلد نمٹانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ قواعد و ضوابط کے تحت اہم امور طے کر کے سکیموں کو جلد لانچ کیا جائے ۔ اجلاس کے دوران قرضہ سکیم کا نام ’’پنجاب روزگار‘‘رکھنے کی تجویزپر غور کیاگیا۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ماحولیاتی تحفظ کونسل کا اجلاس ہوا،جس میں صوبے میں ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق پالیسی تشکیل دینے اور ماحولیاتی انڈومنٹ فنڈبھی قائم کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔عثمان بزدار نے کہاکہ لوگوں کو صاف فضا میں سانس لینے کا حق لوٹانا چاہتے ہیں،ایئرکوالٹی انڈکس کے معیارکے تعین کاباقاعدہ جائزہ لیا جائے گا،وزیراعلیٰ نے ایئر کوالٹی انڈکس کے تعین کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔ادھر اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ سے بھی سروسز ایکٹ ترمیمی بل کی منظوری خوش آئند ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں