بھینسوں کا شہر سے انخلا , آپریشن آج سے شروع

خلاف ورزی پرجانوروں کو بند کرکے مالکان کیخلاف مقدمات کا اندراج کیا جائے گا، اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں تھانہ کی سطح پر 10 انفورسمنٹ ٹیمیں تشکیل آپریشن سے قبل مساجد میں اعلان کروا ئے گئے اور بھرپور تشہیر بھی کی گئی ، مقصد کلین اینڈ گرین مہم کے تحت شہر کو صاف ستھرا بنانا ہے :ڈپٹی کمشنر سہیل اشرف
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)گوجرانوالہ شہر سے بھینسوں کے انخلا کیلئے آج سے آپریشن کا آغاز کر دیا جائے گا،خلاف ورزی کی صورت میں جانوروں کو بند کرکے مالکان کیخلاف مقدمات کا اندراج بھی کیا جائے گا، اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں تھانہ کی سطح پر 10 انفورسمنٹ ٹیمیں آپریشن کیلئے تشکیل دیدی گئی۔شہر میں بھینسوں اور گائے کے باڑوں کو ختم کرنے کیلئے منصوبہ بندی کر لی گئی ہے اور اندرون شہر چارہ لانے پر دفعہ 144 کا نفاز کر دیا گیا ہے ، خلاف ورزی کرنے پر گاڑی بند اور چارہ ضبط کر لیا جائے گا ،ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بھینسیں باہر منتقل کرنے کیلئے 15جنوری کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی تھی جوگزشتہ روز ختم ہوگئی تھی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)علی اکبر بھنڈر نے اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں تھانہ لیول پر ٹیمیں تشکیل دی تھیں جن میں متعلقہ علاقہ کا ایس ایچ او،انسپکٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن، ٹریفک پولیس، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی افسر ، لائیوسٹاک کے افسربھی ممبرز ہیں۔انفورسمنٹ ٹیمیں آج سے مشترکہ کاروائیوں کا آغاز کریں گی، شہر کے داخلی راستوں پر چارہ لانے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ (ریٹائرڈ) سہیل اشرف نے بتایا کہ آپریشن سے قبل مساجد میں اعلان کروا ئے گئے ہیں اور بھرپور تشہیر بھی کی گئی ہے تاکہ مالکان کارروائی سے قبل ہی ا پنے جانوروں کے باڑے شہری حدود سے باہر منتقل کر لیں، آپریشن کا مقصد کلین اینڈ گرین مہم کے تحت شہر کو صاف ستھرا بنانا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں