15ملوں کو اڑھائی من کی 4ہزار570بوریاں روزانہ فراہم کی جائینگی صارف کو 20کلو آٹے کا تھیلا 805روپے میں دستیاب ہوگا :اے ڈی سی
سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی ہدایت پر شہریوں کوآٹا کنٹرول ریٹ پر فراہم کرنے کیلئے فلور ملوں کیلئے کوٹہ ڈبل کردیا گیا ، ضلع کی 15فلور ملوں کومجموعی طور پر اڑھائی من کی 4ہزار570 بوریاں روزانہ فراہم کی جائینگی ،اوپن مارکیٹ میں صارفین کو 20کلوگرام وزنی 18ہزار 204 تھیلے دستیاب ہونگے ، 20کلوگرام وزنی آٹے کا تھیلا دکاندار صارف کو 805روپے میں فروخت کرنے کا پابند ہوگا۔ ان امر کو یقینی بنانے کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل میاں رفیق احسن نے محکمہ فوڈ کے مقامی حکام اور ملز مالکان کے خصوصی اجلاس میں ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ملز مالکان کوٹہ کے مطابق حاصل کی گئی گندم کا آٹا فراہم کرنے کے پابند ہیں ۔ تمام ملز پر سرکاری اہلکار نگرانی پر مامور کئے جائیں گے اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر ز بھی ملز کے دورے کریں گے ۔ انہوں واضح کیا کہ فلور ملز مالکان آٹے کی فراہمی بلا تعطل جاری رکھیں گے ، ملز مالکان اورڈسٹری بیوٹرزآٹے کی ترسیل کا مکمل ریکارڈ رکھیں گے جبکہ ملوں پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بغیر پرمٹ کے آٹا بیرون شہر ترسیل پر سخت کارروائی کی جائے گی ۔
Load/Hide Comments