اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی طرف سے چیف الیکشن کمشنر کے لیے اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف کو ایک خط لکھا ہے جس میں تین نام تجویز کیے گئے ہیں۔
دنیا نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو جو تین نام بھجوائے گئے ہیں ان میں سابق وفاقی سیکرٹری جمیل احمد، سابق سیکرٹری فضل عباس میکن اور سکندر سلطان راجا کے نام شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق نئے ناموں میں صرف سکندر سلطان راجا شامل ہے، سکندر سلطان کا نام بابر یعقوب کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو یہ خط15جنوری کو لکھا، وزیر اعظم عمران خان کا خط مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو لندن بھجوا دیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ با معنی مذاکرات کے لیے آپ کو خط لکھ رہا ہے، چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا عرصہ سے زیر التوا معاملہ حل کرنا چاہتا ہوں، آپ کو ازسر نو تشکیل کیا گیا پینل بھیج رہا ہوں۔
اس سے قبل چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تقرری پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ایک بار پھر بے نتیجہ ختم ہوگیا تھا۔
شیریں مزاری کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں حکومت نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے نئے نام پیش کرنا تھے لیکن ایسا نہ ہوسکا۔ اجلاس میں پنجاب اور سندھ سے الیکشن کمیشن ارکان کی تعیناتی کے لیے ناموں پر بھی کوئی پیشرفت نہ ہوئی۔
میڈیا سے گفتگو میں حکومتی رکن اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی نام آج شام تک اپوزیشن کو بجھوا دئیے جائیں، بلوچستان یا سندھ میں سے ایک نام حکومت اور ایک اپوزیشن سے ہو نے پر اتفاق رائے پیدا کر رہے ہیں۔
اس موقع پر نون لیگی رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ امید ہے ہائیکورٹ کی جانب سے دیا گیا وقت ختم ہونے سے پہلے اتفاق رائے ہو جائے گا۔ پارلیمانی کمیٹی کا آئندہ اجلاس اب پیر کو ہوگا جس میں چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کے ناموں پر غور کیا جائے گا۔
Awesome post! Keep up the great work! 🙂