نئی دہلی: مودی کے مظالم، عام آدمی پارٹی نے الیکشن میں بی جے پی کا صفایا کر دیا

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے ریاستی الیکشن میں عام آدمی پارٹی نے مودی سرکار کی حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی کا صفایا کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 8 فروری کو بھارتی ریاست نئی دہلی کی اسمبلی انتخابات کے لیے پولنگ ہوئی تھی جس کی 70 نشستوں پر 600 سے زائد امیدوار میدان میں تھے۔

ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور اب تک کے سرکاری نتائج کے مطابق نئی دہلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو شرمناک شکست ہوئی ہے۔

اب تک کے سرکاری نتائج کے مطابق عام آدمی پارٹی نے 70 میں سے 26 نشستیں جیت لی ہیں اور اسے مزید 37 پر برتری حاصل ہے اور یوں اسے ریاستی اسمبلی میں 63 نشستیں حاصل ہونے کا امکان ہے جبکہ بی جے پی کو 7 سیٹوں پر برتری حاصل ہے۔

اب تک کے نتائج کے مطابق عام آدمی پارٹی کے 5 مسلمان امیدوار بھی میدان مارچکے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے کامیابی کا جشن مناتے ہوئے ’انقلاب زندہ باز‘ کے نعرے بھی لگائے۔

عام آدمی پارٹی نے ریاستی انتخابات میں مسلسل تیسری بارمیدان مارا ہے اور ایک بار پھر عام آدمی پارٹی کے اروند کیجریوال وزیراعلیٰ بنیں گے۔

دوسری جانب نتائج کے اعلان سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی کی کامیابی کے دعوے کرنے والے رہنماؤں نے بھی شکست تسلیم کرلی ہے۔

بی جے پی کے صدر جگت پرکاش نڈا نے عام آدمی پارٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے بیان میں کہا ہے کہ لوگوں کا مینڈیٹ قبول کرتے ہوئے شکست تسلیم کرتے ہیں اور ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن کا کردار نبھاتے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں