تاریخی عمارتوں کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کاعزم :گھنٹہ گھر ،فوڈسٹریٹ کادورہ
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)کمشنر زاہد اختر امان اور ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ (ر)سہیل اشرف نے کہا ہے کہ قدیم اثاثوں کو محفوظ رکھنا ہمارا فرض ہے ، گوجرانوالہ کی قدیم اور تاریخی عمارتوں کو محفوظ بنانے کیلئے تمام تر اقدامات کیے جائیں گے تا کہ ضلع و ڈویژن میں سیاحت کوفروغ اور ملکی زر مبادلہ میں اضافہ کیا جا سکے ۔ اس ضمن میں کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے اندرون شہر گھنٹہ گھر کا دورہ کیا اور گھنٹہ گھر کی تزئین و آرائش کے لیے اقدامات اُٹھانے کے حوالے سے جائزہ لیا،انہوں نے ریونیو اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ریکارڈ کا بھی معائنہ کیا تا کہ تاریخی گھنٹہ گھر کو بہتر حالت میں لایا جا سکے ۔بعد ازاں انہوں نے اندرون شہر فوڈ سٹریٹ کا بھی دورہ کیا اور فوڈ سٹریٹ کو مزید خوبصورت اور بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر زسٹی عثمان سکندر،صدر ساریہ حیدر اور چیف آفیسر میٹروپولیٹن امجد ڈھلوں کوہدایات جاری کیں کہ فوڈ سٹریٹ میں تجاوزات کا خاتمہ کرتے ہوئے حد بندی مقرر کی جائے اور یونیفارم قسم کی کرسیاں اور ٹیبل لگائے جائیں ۔ انہوں نے فوڈ سٹریٹ میں خوبصورت لائٹنگ(3D)لگانے کے حوالے سے بھی جامع پلان طلب کیا۔