پاک فضائیہ نے آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کی فتح کا دن شاندار انداز میں منایا

پاک فضائیہ نے 27 فروری کو آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کی فیصلہ کن برتری کے دن کے طور پر منایا۔ اس تاریخ ساز دن کے موقع پر ائیر ہیڈ کوارٹرز میں ایک شاندار تقریب کے ساتھ ساتھ سی ویو کراچی میں ایئر شو اور اسلام آباد میں ایوی ایشن آرٹ کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔

سی ویو ائیر شو میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی جبکہ ایئر وائس مارشل غلام عباس گھمن، ایئر آفیسر کمانڈنگ، سدرن ائیر کمانڈ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

پاک فضائیہ کے ایف 16، جے ایف 17، میراج، ایم آئی 17 اور آگسٹا 139 ہیلی کاپٹر کے فلائی پاسٹ کے بعد فخر پاکستان جے ایف 17 تھنڈر جس کو ونگ کمانڈر مدثر ریاض اڑا رہے تھے، افق پر نمودار ہوا۔

حاضرین اس طیارے کے حیرت انگیز کرتب دیکھ کر دم بخود رہ گئے۔ اس کے بعد ایف 16 طیارے نے سولو مظاہرہ پیش کیا جس کے پائلٹ ونگ کمانڈر ذیشان علی نے شاندار کرتبوں سے حاضرین کو حیران کر دیا۔

اس دلچسپ مظاہرے کے بعد نوK-8 طیاروں کی فارمیشن پر مشتمل پاک فضائیہ کی مشہور زمانہ ایروبیٹکس ٹیم شیر دل رنگ برنگے دھوئیں چھوڑتی افق پر نمودار ہوئی۔شائقین ان نڈر ہوابازوں کے مختلف کرتبوں سے بہت لطف اندوز ہوئے۔

اس تاریخ ساز دن کو شایانِ شان طریقے سے منانے کے لئے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس، اسلام آباد میں ایوی ایشن آرٹ کی نمائش کا انعقاد بھی کیا گیا۔

سپیکر قومی اسمبلی، اسد قیصر اور وفاقی وزیر اسد عمر نے خصوصی طور پر اس تقریب میں شرکت کی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ایئر وائس مارشل عامر مسعود، ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف (ٹریننگ) نے اپنے افتتاحی کلمات میں اس تقریب کے انعقاد کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

اس نمائش میں ملک بھر سے ایوی ایشن آرٹ کے دلدادہ آرٹسٹوں نے پینٹنگ، اسکیچنگ،ڈیجیٹل پینٹنگ اور فوٹو گرافی سمیت مختلف کیٹیگریز میں حصہ لیا۔ ایوی ایشن فوٹو گرافی اور ایوی ایشن اسکیچنگ میں پہلا انعام اویس احمد لالی نے حاصل کیا۔ایوی ایشن پینٹنگ میں پہلے انعام کی حقدارعنبر منیر رہیں جبکہ حامد علی نے ڈیجیٹل ایوی ایشن پینٹنگ کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔

ان ابھرتے فنکاروں کی تخلیقات کے علاوہ پاکستان کے مشہور ایوی ایشن آرٹسٹ گروپ کیپٹن (ر) مسعود اختر حسینی کے شاہکار، ونگ کمانڈر (ر) محمد ندیم کے ایرو ماڈلز اور مشہور ایوی ایشن آرٹسٹ و کارٹونسٹ شجاعت علی کے خاکے بھی اس تین روزہ نمائش میں رکھے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں