دہشتگردوں اور ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی اشد ضرورت :اجلاس میں خطاب
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) کمشنر گلزار حسین شاہ اور آرپی او طارق عباس قریشی کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں ڈویژن بھر میں امن و امان کی صورتحال مجمو عی طورپر تسلی بخش قرار دیتے ہو ئے متعلقہ افسروں کو ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہو ئے قیام امن کو یقینی بنائیں، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سہیل اشرف’ سی پی او گوہر مشتاق بھٹہ’ اے ڈی سی (جی) انجم ریاض سیٹھی ’ اے سی (جی) تنویر یاسین اور متعلقہ افسروں نے براہ راست جبکہ دوسرے اضلاع کے ڈ پٹی کمشنرز’ ڈپی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی، کمشنر اور آر پی او نے کہاکہ افسران اور محکموں کی مسلسل کاوشوں سے ڈویژن بھر میں امن وامان کی مجمو عی صورتحال تسلی بخش ہے تاہم ہمیں دہشت گرد وں اور ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی بھی اشد ضرورت ہے ۔اجلاس میں کورونا وائرس کے حوالہ سے بھی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا گیاکہ نہ صرف گوجرانوالہ ڈویژن بلکہ پورے پنجاب میں ابھی تک کرونا کا کو ئی کنفرم مریض رپورٹ نہیں ہوا اور صورتحال کی مکمل طوپر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔