تیاری میں جوہڑ کا پانی،کیمیکلز،رنگ اوردیگر مضر صحت اجزا استعمال کئے جا رہے تھےاسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ آصف حسین کی پسرور روڈ پر کاررو ائی ، بوتلوں کا گودام سیل
گوجرانوالہ ،نو شہرہ ورکاں ، ڈسکہ (سٹاف رپورٹر، تحصیل رپورٹر ، سٹی رپوٹرر،نامہ نگار) نوشہرہ ورکاں میں انٹر نیشنل برانڈ ز کے نام سے مشروبات اور منرل واٹر تیار کرنے والی فیکٹری پکڑ ی گئی،مشروبات کی تیاری میں جوہڑ کا پانی،کیمیکلز،رنگ اوردیگر مضر صحت اجزا استعمال کئے جا رہے تھے ۔ کارروائی کی نگرانی ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل اشرف نے کی ۔دوران کارروائی مالک فرار ہو گیا جبکہ فیکٹری کو سیل کر دیا گیا ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی صبا عادل بھی پہنچ گئیں ۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں حیدر خان کو بتایا کہ مشروبات کی تیاری کیلئے استعمال کیا جانے والا پانی انتہائی مضر صحت اور زہریلا ہے ، ایسے مشروبات کے استعمال سے انسان گردوں اور جگر کے امراض میں مبتلا ہو سکتا ہے ۔ فیکٹری کا مالک طارق شفیع انٹرنیشنل مشروبات بنانے والی کمپنی کا ملازم تھا، ملازمت سے نکالے جانے کے بعد اس نے نوشہرہ ورکاں کے علاقہ گھمن والا میں جعلی مشروبات بنانے والی فیکٹری قائم کر کے گھناؤنا کاروبار شروع کر دیا ۔ علاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ آصف حسین نے فوڈ اتھارٹی حکام کے ہمراہ پسرور روڈ پر جعلی بوتلیں فروخت کرنیوالے گودام کو سیل کردیا ۔اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ملاوٹ کرنیوالے افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں