ملک کنگال کرنیوالوں کی سیاست ختم ہو چکی ،وزیر اعلیٰ ،ان ہاؤس تبدیلی آئیگی نہ مڈ ٹرم الیکشن ہونگے ،رہنما پی ٹی آئی ہندو برادری کو 70لاکھ ہولی گرانٹ دی جارہی ، وزیر اعلیٰ سے جہانگیر ترین کی ملاقات ،سیاسی صورتحا ل پر تبادلہ خیال
لاہور(سیاسی رپورٹر سے ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر خان ترین نے ملاقات کی ،جس میں باہمی دلچسپی، سیاسی صورتحال اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے متعلقہ امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مدت پوری کرے گی، موجودہ حکومت کیخلاف سازشیں کرنیوالے پہلے اپنے دور کی لوٹ مار کا حساب دیں،ملک کو کنگال کرنیوالوں کی سیاست ہمیشہ کیلئے ختم ہو چکی ہے ،سازشی عناصر پہلے کی طرح آئندہ بھی ناکام رہیں گے ،پروپیگنڈا کرنیوالوں کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔عوام سے کئے گئے وعدو ں کی تکمیل کیلئے دن رات ایک کر دیں گے ، ہم کھوکھلے نعرے نہیں لگاتے بلکہ عملی اقدامات کرتے ہیں،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو جائے گا۔ تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر خان ترین نے کہا وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی سیاسی تاریخ کی شفاف ترین حکومت عوامی خدمت میں ہمہ وقت مصروف ہے ،اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں،اپوزیشن جماعتیں خود انتشار کا شکار ہو کر بکھری ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا ان ہاؤس تبدیلی آئے گی نہ مڈ ٹرم الیکشن ہوں گے اور خواب دیکھنے والوں کے ارمان دل میں ہی رہ جائیں گے اور انشااللہ اگلے الیکشن میں بھی تحریک انصاف جیتے گی۔عثمان بزدارنے اقلیتوں کی فلاح وبہبوداوردیگرمتعلقہ امورطے کرنے کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ آفس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی زیر صدارت اقلیتی ارکان صوبائی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں اقلیتوں کی فلاح وبہبود سے متعلق امور،ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیاگیا۔اقلیتی ارکان صوبائی اسمبلی نے تجاویز اورسفارشات پیش کیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تمام اقلیتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے ،ترقی میں برابر کا حصہ دیں گے ۔پنجاب میں پہلی بار ہولی اوردیوالی گرانٹ دی جارہی ہے ،ہندو برادری کو 70لاکھ روپے ہولی گرانٹ دی جارہی ہے ۔عثمان بزدار نے کہا اقلیتی بھائیوں کیلئے 6کروڑ روپے کے فنڈزمختص کیے گئے ہیں۔پنجاب کا مینارٹی امپاورمنٹ پیکیج دوسرے صوبوں کیلئے قابل تقلید اقدام ہے ،جس کے تحت گورودواروں،مندروں اورگرجا گھروں کی تعمیرو مرمت بھی کی جائے گی۔انہوں نے کہااقلیتی برادری کے مذہبی مقامات پر ضروری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے ،بجٹ سے پہلے اقلیتی عوامی نمائندوں سے تجاویز لیکر ترقیاتی منصوبے تشکیل دیں گے ،اقلیتی بھائیوں کے تمام مسئلے حل کریں گے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار 16 مارچ کوالحمرا ہال لاہور میں وکلا کنونشن سے خطاب کریں گے ،وکلا تنظیموں میں گرانٹ ان ایڈ کے چیک تقسیم کیے جائیں گے اور پیکیج کا اعلان کیا جائے گا ،کنونشن میں لاہور ہائیکورٹ بار ،پنجاب بار کونسل ،36ضلعی بارز اور 110تحصیل بار کے عہدیدار شرکت کریں گے ۔عثمان بزدار نے ہولی کے تہوار پر ہندو برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاہولی کا تہوار بھائی چارے اور خیر سگالی کے جذبات کو فروغ دیتا ہے اور خوشیوں کے تہوار ملکر منانے سے یگانگت، محبت اور باہمی تعلقات کو فروغ ملتا ہے ،پاکستان میں بسنے والے مسلمان، سکھ، ہندو،مسیحی، پارسی سمیت تمام مذاہب کے لوگ اس ملک کے شہری ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان میں بسنے والی ہندو برادری نے ملک کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل تحفظ اور مذہبی آزادی حاصل ہے ۔