ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی اسپیل کے بعد گھنگھور گھٹاؤں نے پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کا رخ کر لیا۔ آج سے بارشوں کے نئے سلسلے کا آغاز ہوگیا۔ کوئٹہ، چمن، سبی میں گزشتہ روز بادل خوب برسے۔ قلعہ عبداللہ کے ندی نالوں میں طغیانی، پہاڑوں پر برفباری سے ٹھنڈ میں اضافہ ہو گیا۔
گھنگھور گھٹائیں، ٹھنڈی ہوائیں، کڑ کتی بجلیاں، پانی سے بھرے بادلوں کے نئے سسٹم نے پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کا رخ کر لیا ہے۔ آج سے تین روز تک بارش کے طوفانی اسپیل کا امکان ہے۔
ہفتے تک اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، بالائی سندھ اور بلوچستان میں بادل خوب برسیں گے۔ محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا، اربن فلڈ کے خدشے کا اظہار کیا گیا ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، ملتان ، گوجرانوالہ، بہاولپور ، بہاولنگر سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں ،وزیرستان، ٹانک، لکی مروت، کوہاٹ، کرم، چارسدہ اورمردان سمیت خیبرپختونخوا کئی علاقوں میں بھی بادل رنگ جمائیں گے۔
گزشتہ روز کوئٹہ، چمن، سبی، قلات سمیت بلوچستان کے کئی شہروں میں بارش ہوئی۔ قلعہ عبداللہ میں ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ پہاڑوں پر برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ چترال میں بھی آسمان سے پانی برسا۔ گذشتہ 24 گھنٹے میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا۔