ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ (ر)سہیل اشرف کا میڈیا پر نشر ہونے والی خبر پر نوٹس، نجی سکول کی طرف سے جناح سٹیڈیم میں منعقدہ سالانہ کھیلوں کے مقابلوں اور دیگر سرگرمیوں کا اہتمام کیا جس کے بعد سٹیڈیم کے اندر، انکلویژرز اور سٹیڈیم میں ہر طرف کچرے کے ڈھیر لگادیئے گئے جس پر ڈپٹی کمشنر نے سخت نوٹس لیتے ہوئے موقع کا خود دورہ کیا، کھیل کے میدان میں صفائی کی ابتر صورت حال پر ڈویژنل و ضلعی سپورٹس افسران پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سٹیڈیم کو پروگرام کے لیے دینے پر وضاحت طلب کرلی۔ انہوں نے سٹیڈیم میں گندگی پھیلانے والے نجی سکول کی انتظامیہ کے خلاف متعلقہ تھانہ سٹیلائیٹ ٹائون میں مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز میڈیا پر نشر خبر ہوئی کہ نجی تعلیمی ادارے ( سائنس بیس سکول) کی جانب سے جناح سٹیڈیم میں سالانہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں ادارے کے ہزاروں طلبہ اور اساتذہ نے شرکت کی، سٹیڈیم میں گندگی پھیلائی اور خلاف ضابطہ میدان اور انکلیوژرز میں گنے کا رس نکالنے والی مشینیں وغیرہ نصب کیں۔ پروگرام کے اختتام پر جناح سٹیڈیم میں ہر طرف کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگا دیئے گئے۔ بدھ کے روز کرکٹ مقابلوں میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں نے صفائی کی ابتر صورت حال کا نوٹس لینے اور زمہ داران کے خلاف ایکشن لینے کی درخوست کی تھی۔
ڈپٹی کمشنرکے نوٹس کے بعد جناح سٹیڈیم میں فوری صفائی ستھرائی کا آپریشن شروع کردیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے سٹیڈیم انتظامیہ کو ہدایت کی کہ آئندہ ایسے صورت حال سے اجتناب کیا جائے اور شہریوں کو صاف ستھرے کھیل کے میدان مہیا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔