سندھ میں کورونا وائرس کے 41 نئے کیسز رپورٹ، مریضوں کی تعداد 76 ہوگئی

سندھ میں کورونا کے 41 نئے کیسز رپورٹ ہوگئے، 37 تافتان سے سکھر آنے والے جبکہ 4 کا تعلق کراچی سے ہے، صوبہ میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 76 ہوگئی۔

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق 110 زائرین کے ٹیسٹ لیے گئے جس میں 50 کا ٹیسٹ مثبت آیا، گزشتہ روز بھی تفتان سے سکھر آنے والے 13 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ آج 37 کیسز مثبت آئے جبکہ 4 نئے رپورٹ ہونے والے کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔

مرتضی وہاب نے ٹوئٹ پیغام میں بتایا کہ صوبے میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 76 ہوگئی، کراچی میں کل 25، حیدرآباد 1، تافتان سے سکھر آنے والے 50 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے، 76 میں سے 2 افراد صحت یاب ہوچکے، اس وقت 74 مریضوں کو آئیسولیشن سینٹر میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا 80 رکنی میڈیکل ٹیم کراچی ائیر پورٹ پر تعینات ہے، عام شہری کو ماسک پہننے کی ضرورت نہیں، عوام اپنی نقل و حرکت محدود رکھیں۔

محکمہ صحت نے کراچی سے کرونا کے 5 نئے کیسز کی تصدیق کر دی۔ 3 افراد حال ہی میں سعودی عرب سے کراچی پہنچے تھے، ایک متاثرہ شخص کی ٹریول ہسٹری واضح نہیں ہوسکی جبکہ ایک مریض کوئٹہ سے کراچی آیا تھا جس کے بعد کراچی میں مریضوں کی مجموعی تعداد 25 تک پہنچ گئی ہے۔ حیدر آباد میں بھی ایک کیس سامنے آیا تھا۔ لاہور میں بھی کرونا کا ایک مریض ہسپتال میں زیر علاج ہے جس کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔

ادھر سندھ حکومت نے کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی، اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 5 یا اس سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔

علاوہ ازیں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ملک بھر میں تمام پروگرامز کے امتحانات اور ورکشاپس کو فوری طور پر ملتوی کر دیا ہے، کنٹرولر امتحانات کے مطابق امتحانات اور ورکشاپس کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

پاکستان سپورٹس بورڈ کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان نے میڈیا کو بتایا حکومت کی ہدایت پر پی ایس بی نے کورونا وائرس کے باعث سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد اور صوبائی کوچنگ سینٹرز میں تمام سہولیات کو 15 اپریل تک بند کر دیا ہے اور تمام مردوں، خواتین کے ہوسٹلوں جناح ہوسٹل، علامہ اقبال ہوسٹل اور فاطمہ جناح ویمن ہوسٹل کو خالی کروا لیا ہے، سوئمنگ، جم، فٹ بال اور ہاکی کے علاوہ دیگر کھیلوں کی سرگرمیوں کو بھی روک دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں