کرونا وائرس: پی ایس ایل فائیو ملتوی، سیمی فائنلز اور فائنل کو ری شیڈول کیا جائیگا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کو ملتوی کر دیا۔ لیگ کے دونوں سیمی فائنلز اور فائنل کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، یہ فیصلہ چند روز قبل پاکستان چھوڑ کر جانے والے ایک کھلاڑی میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد کیا گیا ہے، مذکورہ کھلاڑی کی سکریننگ جلد مکمل کرلی جائے گی۔

پی سی بی نے ایک ذمہ دار اداراے کی حیثیت سے چاروں سیمی فائنلسٹ ٹیموں کے سکواڈز میں شامل تمام کھلاڑیوں، سپورٹ سٹاف، میچ آفیشلز، فرنچائز مالکان اور پروڈکشن کریو کے ٹیسٹ کے لیے تمام انتظامات کر رکھے ہیں۔ پی سی بی نے ان تمام افراد کو ٹیسٹ کی رپورٹ موصول ہونے تک سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ایک غیر ملکی کھلاڑی میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد کیا گیا ہے، مذکورہ کھلاڑی کا ٹیسٹ کچھ دیر بعد ان کے ملک میں ہوگا، پی سی بی لیگ میں شامل تمام افراد کے فوری ٹیسٹ کروانے کے لیے سہولیات فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا یہ صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ بدل رہی ہے، اس حوالے سے پی سی بی تمام صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔

وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی اس ضمن میں تمام متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہے۔ انہوں نےواضح کیا کہ پی سی بی میچ اور نان میچ ڈیز پر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے تھرمل گن سے کھلاڑیوں، آفیشلز اور میڈیا نمائندگان کا بخار باقاعدگی سے چیک کرتا رہا ہے۔ چیف ایگزیکٹو نے کہا پی سی بی کا ماننا ہے کہ ایونٹ کو ملتوی کرنے کا یہ بہترین وقت ہے اور اس سے قبل تمام ٹیموں کے مالکان کی مشاورت سے مختلف فیصلے لیے گئے جس میں بند دروازوں میں میچز کروانا، کھلاڑیوں کو دستبرداری کی آپشن دیئے جانا، ایونٹ کی تاریخوں میں تبدیلی اور ٹورنامنٹ کے ایام کم کرنا شامل تھا۔ یہ فیصلہ بھی تمام ٹیموں کے مالکان کی مشاورت سے لیا گیا ہے۔

وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے اس وباء سے آگاہی اور نمٹنے میں حکومتی مہم کا حصہ بن کر اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی پر امید ہے کہ روزمرہ کی زندگی میں جلد ہر چیز معمول پر آجائے گی اور ہم مداحوں کے لیے کرکٹ واپس لائیں گے، پی سی بی نے اپنے تمام ڈومیسٹک مقابلے اور کرکٹ سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔

ادھر رمیز راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا انگلش بلے باز ایلکس ہیلز میں کرونا وائرس کی علامات آئی ہیں، سب کے ٹیسٹ ہوں گے، پی سی بی نے بروقت فیصلے کیے، پوری قوم کو مشکل وقت میں اس وبا کا مقابلہ کرنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں