کورونا سے نمٹنے کیلئے مزید1 ارب مختص, مساجد بند نہیں کرینگے: بزدار

قوموں پر آزمائش آتی ہے ، سرخرو ہوں گے ، علما سے گفتگو ، وائرس سے نمٹنے کیلئے علما کا حکومتی اقدامات کا ساتھ دینے کا اعلان متعلقہ ادارے ہدایات پر ہر صورت عملدرآمد کرائیں،موجودہ حالات میں عوام کیساتھ کھڑے ہیں اوررہیں گے ، وزیر اعلیٰ

لاہور(سیاسی رپورٹر سے ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں تمام مکاتب فکر کے جید علما ئے کرام نے ملاقات کی۔ علما ئے کرام نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومتی اقدامات کا مکمل ساتھ دینے کا اعلان کیا۔ عثمان بزدار نے علما ئے کرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں مساجد بند نہیں کریں گے ۔ حکومت پنجاب نے سب سے پہلے 3 جنوری کو کورونا وائرس کے معاملے پر وفاق کو خط لکھا اور کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے محکمہ صحت میں کنٹرول روم قائم کیا۔کورونا وائرس پر اقدامات کی مانیٹرنگ کیلئے کابینہ کمیٹی قائم کی جس کے اجلاس تواتر سے جاری ہیں۔ محکمہ صحت کو فی الفور ضروری ساز و سامان کیلئے 24 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کئے جبکہ کورونا وائرس کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر محکمہ صحت کیلئے مزید ایک ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں قائم 41 ہائی ڈیپنڈنسی یونٹ میں 541 بیڈز کی گنجائش ہے ۔مظفرگڑھ، لاہور، راولپنڈی میں کورونا وائرس کے علاج کیلئے مخصوص ہسپتال بھی قائم کئے گئے ہیں جبکہ ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور میں زائرین کی ہیلتھ مانیٹرنگ کیلئے قرنطینہ قائم کئے گئے ہیں۔760 زائرین ڈیرہ غازی خان پہنچ چکے ہیں جن کی سکریننگ کی جا رہی ہے ۔ کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے مزید 10 ہزار کٹس منگوائی جا رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کابینہ نے پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کی منظوری دے دی ہے ۔ ایک لاکھ لوگوں کیلئے ایک ہفتے کے اندر کورونا علاج کی سہولت گاہ قائم کی جا سکتی ہے ۔پنجاب میں دفعہ 144 کے تحت اجتماعات پر پابندی عائد کی گئی ہے اور کورونا سے بچاؤ کیلئے عوام میں احتیاط کیلئے آگاہی مہم جا ری ہے ۔عوام سے اپیل ہے کہ پریشان نہ ہوں، احتیاط کریں۔قوموں پر آزمائش آتی ہے ، انشا اللہ سرخرو ہوں گے ۔ علما ئے کرام اپنے حلقہ اثر میں کورونا کے بارے میں شعور بیدار کریں۔علما ئے کرام کی تجاویز اور سفارشات کی قدر کرتے ہیں۔صوبائی وزیر راجہ بشارت نے کہا کہ ماضی میں علما کا حکومت سے تعاون مثبت روایت ہے ۔صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کورونا کا پھیلاؤ تیز ہے ، چھٹیوں میں گھروں سے نہ نکلیں۔ صوبائی وزیرپیر سید سعیدالحسن شاہ نے کہا کہ افراد کو وبا کے ضمن میں ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے سے گریز کرنا چاہئے ۔اجلاس میں کورونا سے بچاؤ کیلئے خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد نے دعا کرائی۔ مولانا صاحبزادہ فضل رحیم، مولانا غلام محمد سیالوی، مولانا طاہر محمود اشرفی، حافظ زبیر احمد ظہیر، علامہ محمد حسین اکبر اور دیگر علما ئے کرام نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں ایک بیان میں عثمان بزدارنے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے کئے جانیوالے اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔متعلقہ ادارے اور محکمے کئے جانیوالے اقدامات اور گائیڈ لائنز پر ہر صورت عملدرآمد کرائیں۔ حکومت نے عوام کی حفاظت کیلئے بروقت اقدامات کئے ہیں۔حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر عملدرآمد میں کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں۔ عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھارہے ہیں۔ موجودہ حالات میں عوام کیساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں