گوجرانوالہ: کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی کوششوں سے ایم اسلام میڈیکل کالج میں 100بیڈز کا آئسولیشن وارڈ قائم کر دیا گیا، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ (ر)سہیل اشرف کا چیئرمین ایم اسلام میڈیکل کالج محمد اسلام کے ہمراہ قائم کیے گئے آئسولیشن وارڈ کا دورہ، انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)علی اکبر بھنڈر،پرنسپل اسلام میڈیکل کالج و ہسپتال آصف دُرانی،ایم ایس ایم اسلام میڈیکل کالج و ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر احسان اسد،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فرجاد بٹ،نمائندہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر جنید اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایم اسلام میڈیکل کالج انتظامیہ کا ضلعی انتظامیہ کی اپیل پر وبائی مرض کورونا سے نمٹنے کے لیے اور متاثرہ مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے الگ آئسولیشن وارڈ کا قیام انتہائی قابل ستائش اور قابل تقلید اقدام ہے،ایسے اقدامات سے قومی اتحادمضبوط اور ہنگامی حالات سے نمٹنے میں اداروں کو بھرپور مدد حاصل ہو سکتی ہے۔ضلعی انتظامیہ حکومت پنجاب کی ہدایات کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام سٹیک ہولڈرز خصوصاً مخیر حضرات،فلاحی اداروں،سول سوسائٹی اور عوام الناس کے تعاون سے ضلعی سطح پر حفاظتی اقدامات کے ساتھ ساتھ آگاہی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ضلعی میں ابھی تک صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے اور کورونا وائرس کے مشتبہ 13افراد کا طبی معائنہ اور سکریننگ کروائی گئی ہے جن میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق نہ ہوئی اور ایسے افراد کو قرنطینیہ مراکز میں رکھنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں جو بیرون ممالک سے گوجرانوالہ میں آ رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ فلاحی اداروں خصوصاً اسلام میڈیکل کالج،مسلم ہینڈز انٹرنیشنل اور سردار ملک یاسین ہسپتال جیسے فلاحی اداروں اور ان کی انتظامیہ کے فراخ دلانہ اقدامات اور تعاون سے ضلع گوجرانوالہ کے شہریوں کو وبائی مرض سے محفوظ بنانے میں بھرپور مدد ملے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہمیں مل کر اس وبائی مرض سے لڑنا ہے،مشترکہ کوششوں اور محکمہ صحت حکومت پنجاب کی طرف سے جاری کیے گئے ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے ہی مرض پر قابو پایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہری محکمہ صحت اور انتظامیہ سے تعاون کرے،غیر قانونی طور پر اجتماع اور جمع ہونے سے اجتناب کریں،کورونا وائرس کی علامات سامنے آنے پر فوری طور پر ہیلپ لائن 1166اور ضلعی کنٹرول روم برائے کورونا وائرس055-9200907پر اطلاع دیں تا کہ متاثرہ مریضوں سے اطراف کے لوگ متاثر نہ ہوں جو شہر و ضلع میں آؤٹ بریک کا سبب نہ بنیں۔
Load/Hide Comments