کورونا کے بڑھتے خدشات،رائیونڈ سٹی مکمل لاک ڈاؤن،تبلیغی مرکز قرنطینہ قرار

ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے بڑھتے خدشات کے پیش نظر رائیونڈ سٹی کو مکمل لاک ڈاؤن جبکہ رائے ونڈ تبلیغی مرکز کو قرنطینہ قرار دے دیا گیا ہے.

رائیونڈ سٹی میں موجود تمام جنرل سٹورز اور دکانیں بند کروا دی گئی ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر عدنان رشید کے مطابق یہ ایکشن وائرس بڑھنے کے خدشات کے پیش نظر لیا گیا ہے۔ رائیونڈ میں ابتدائی طور پر 3 روز تک مکمل لاک ڈاؤن رہے گا۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رائیونڈ میں کیسز سامنے آنے پر حکومت کی جانب سے آج کابینہ کمیٹی برائے صحت کے اجلاس میں فیصلہ لیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس خطرات کے پیش نظر رائیونڈ میں ہونے والا سالانہ تبلیغی اجتماع بھی ملتوی کر دیا گیا تھا۔ حکومت سے مشاورت کے بعد تبلیغی اجتماع کی مرکزی شوریٰ نے ہدايت کی جس میں کہا گیا کہ ملک بھر میں موجود تمام جماعتیں انتظامیہ سے تعاون کی پاپند ہوں گی۔ مرکزی شوریٰ نے لوگوں کو اللہ تعالیٰ کے حضور توبہ اور استغفار کرنے کی تلقین کی ہے۔

مرکزی شوریٰ کی جانب سے واضح ہدایات میں کہا گیا تھا کہ تبلیغی جماعتیں گشت، بیان اور مجمع جمع نہیں کریں گی۔ تمام جماعتیں انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں گی۔ تبلیغی جماعت کے کارکنان، مستورات، بچے اور بڑے اللہ تعالیٰ کے حضور توبہ واستغفار کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں