سرکاری میڈیا کے مطابق پاکستانی اور چینی افواج نے کورونا وائرس وبا کے اثرات پر قابو پانے کے حوالے سے ویڈیو کانفرنس کی ہے۔
تفصیل کے مطابق پاکستانی اور چینی افواج نے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے اثرات پر قابو پانے کے لئے ایک دوسرے کے تجربات کے تبادلے پر ایک ویڈیو کانفرنس کا انعقاد کیا۔
چین کی وزارت دفاع کے مطابق دونوں افواج کے صحت کے بیس حکام اور ماہرین نے راولپنڈی، بیجنگ اور ووہان سٹی سے اس ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی۔
ویڈیو کانفرنس کے دوران چینی حکام نے مجموعی صورتحال، عالمی وبا کی روک تھام کے لئے چینی فوج کے تجربے، کورونا وائرس کا سراغ لگانے کے لئے ٹیکنالوجی کے طریقہ کار، تشخیص اور علاج معالجے کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔
فریقین نے کمانڈ رابطے، وبا کی روک تھام، نگرانی، نشاندہی، علاج اور دیگر متعلقہ امور کے ضروری تبادلے پر بھی زور دیا۔
پاکستانی حکام نے چینی فوج کے ڈاکٹروں کی طرف سے وبا کی روک تھام اور علاج معالجے کے تجربات سے آگاہ کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا۔