پاکستان میں کورونا وائرس کے کیس ہمارے اندازے سے کافی کم ہیں، ڈاکٹر ظفر مرزا

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مثبت کیس ہمارے اندازے سے کافی کم ہیں۔

تفصیل کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کے زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا جس میں کووڈ 19 کی صورتحال پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے پر بھی غور کیا گیا اور بتایا گیا کہ ان پاکستانیوں کو وطن واپس آ کر مروجہ ایس او پیز کے تحت چیکنگ کروانا ہوگی۔

اجلاس میں بلوچستان کے چار سرحدی اضلاع کو ایران سے خوراک کی سپلائی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا کو بتایا کہ افغانستان کے لیے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت صرف کارگو کے لیے اجازت دی گئی ہے۔ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور دو طرفہ تجارت کے تحت تین روز کے لیے صرف غذائی اشیاء اور ادویات لے جانے کی اجازت ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مثبت کیس ہمارے اندازے سے کافی کم ہیں۔ اندازے سے کم کورونا وائرس کے کیس سامنے آنا خوش آئند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کووڈ 19 کے 727 مریض صحتیاب ہو کر گھر جا چکے ہیں۔ کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کے لیے 26 لیبارٹریاں کام کر رہی ہیں۔ مستقبل کے حوالے سے پلان وزیراعظم کو 12 اپریل کو پیش کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ سوموار کو وزیراعظم کے زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں منظوری دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں