ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، فیصل ایدھی ڈاکٹر کی ہدایت پر آئیسولیشن میں چلے گئے، ایدھی ذرائع کے مطابق وہ اس وقت اسلام آباد میں مقیم ہیں۔
فیصل ایدھی کا کہنا تھا ڈاکٹرز کے مطابق 10 سے 15 روز کے دوران کورونا کا شکار ہوا، بدھ کو بخار اور سر درد کی شکایت ہوئی، 3 روز تک یہی علامات رہیں، کل ٹیسٹ کرایا تھا، اب بظاہر کوئی علامت موجود نہیں لیکن ٹیسٹ مثبت آیا، ایک ہفتے تک سیلف آئسیولیشن میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیال رہے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے کچھ روز قبل وزیراعظم سے ملاقات کر کے انہیں وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈز کے لئے ایک کروڑ روپے کا چیک پیش کیا تھا۔ جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔
ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 ہزار 216 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 16 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 192 ہوگئی۔ اب تک 2066 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔