عوام تراویح گھروں میں پڑھیں، اجتماعات سے وبا تیزی سے پھیل سکتی ہے: وزیراعلی سندھ

حکومت سندھ نے کورونا وائرس کے پیش نظر مساجد میں نماز جمعہ اور نماز تراویح کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ آج 12 بجے سے3 بجے تک سندھ بھر میں سخت لاک ڈاؤن ہوگا اور مساجد میں صرف مسجد انتظامیہ کو نماز ادا کرنے دی جائے گی جبکہ سڑکوں پر عوام کو نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہو گی۔

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تراویح عوام گھروں میں پڑھیں، یہ فیصلے ڈاکٹروں اور ماہرین کی مشاورت سے کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے صدر مملکت سے مشاورت کے بعد فیصلے کا اعلان کیا ہے، علمائے کرام اس فیصلے کے نفاذ میں ہماری مدد کریں، شاپنگ سینٹرز جو ایس او پی کی خلاف ورزی کر رہے تھے ہم نے اُن کو فوری بند کرنے کا حکم دیا ہے، چھوٹے تاجر بھی تعاون کر رہے ہیں اور ہوم ڈلیوری کر رہے ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا گزشتہ روز ڈاکٹروں نے اپنے خدشات سے آگاہ کیا، پی ایم اے پنجاب نے بھی وہی خدشات ظاہر کیے، اگر بڑی اجتماعات سے گریز نہ کیا گیا تو یہ وبا بڑی تیزی سے پھیلے گی۔ صدر صاحب نے مساجد کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا، میں نے صدر سے فون پر بات کی صدر صاحب نے ایک ٹویٹ کیا کہ اگر کسی وقت وفاقی یا صوبائی حکومت کو یہ محسوس ہوا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے حالات خراب ہوتے جا رہے ہیں یا خدشہ ہے تو حکومت اس پالیسی کو تبدیل کرسکتی ہے، اس معاہدے کی بنا پر ان فیصلوں کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں