وفاقی وزیر صنعت حماد اظہر نے کہا ہے کہ صنعت، کاروبار اور ملازمتوں سے متعلق 2 پیکج ای سی سی نے منظور کر لئے جس میں بے روزگار افراد کیلئے 75 ارب روپے کا پیکج بھی شامل ہے، 40 سے 60 لاکھ افراد میں احساس کفالت پروگرام کے تحت رقم تقسیم کریں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ وزارت صنعت اور احساس پروگرام مل کر پورٹل کا اجرا کریں گے، کم آمدنی اور بے روزگار ہونے والے افراد پورٹل پر رجسٹریشن کروا سکیں گے، اس مقصد کیلئے 75 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ چھوٹے کاروبار والوں کیلئے امدادی پیکج کا بھی اجرا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صنعت، کاروبار، ملازمتوں سے متعلق 2 پیکج ای سی سی نے منظور کیے، وفاقی کابینہ سے منظوری کیلئے پیکج کل پیش کیا جائےگا، احساس پروگرام اور وزرات صنعت و پیدوار پورٹل لانچ کریگی، ملازمتوں سے بے روزگار ہونے والے خود کو پورٹل پر رجسٹر کروائیں۔
حماد اظہر کا مزید کہنا تھا کابینہ سے منظوری کے بعد پیکج کی تفصیلات ویب سائٹ پرڈال دی جائیں گی، پیکج کےتحت چھوٹے کاروبار والوں کا 3 ماہ کا بل بھی حکومت دیگی، بے روزگار ہونیوالوں کو فی کس 12 ہزار روپے دیئے جائیں گے، اس پیکج کا اطلاق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر پر بھی ہو گا،لاک ڈاون کی وجہ سے چھوٹا کاروبار شدید متاثر ہوا ہے۔