مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے فطرہ، فدیہ صوم اور کفارہ صوم کا اعلان کر دیا۔ کم از کم صدقہ فطرہ اور فدیہ 2 کلو چکی کے آٹے یعنی 125 روپے کے برابر طے کیا گیا ہے۔
مفتی منیب الراحمن کے مطابق 4 کلو جو کے حساب سے فطرہ 320 روپے، 4 کلو کھجور کے حساب سے 1600 روپے، 4 کلو کشمش کے حساب سے 1920 روپے اور پنیر 4 کلو گرام کے حساب سے فطرہ 3540 روپے بنتا ہے، جو لوگ روزہ نہیں رکھ سکتے وہ 30 روزوں کا کم از کم فدیہ چکی کے آٹے کے حساب سے 3 ہزار 750 روپے، جو کے حساب سے 9 ہزار 600 روپے، کھجور کے حساب سے 48 ہزار روپے، کشمش کے حساب سے 57 ہزار 600 روپے اور پنیر کے حساب سے ایک لاکھ 6 ہزار 200 روپے ہے۔
مفتی منیب الرحمن کے مطابق جن حضرات کو اللہ تعالیٰ نے رزق میں کشادگی عطا کی ہے اور وافر دولت سے نوازا ہے، وہ اپنی مالی حیثیت کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے جَو یا کھجور یا کشمش یا پنیر کے حساب سے فطرہ، فدیہ اور کفارہ ادا کریں۔