پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کا فیصلہ کر لیا۔ پیر سے شاپنگ مالز، آٹو موبائل انڈسٹری کے پیداواری یونٹس کھولنے کی اجازت دے دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی کھولنے کی منظوری دے دی۔
تفصیل کے مطابق صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کے زیر صدارت پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کے لیے پنجاب کے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ اجلاس ہوا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد رحمان گیلانی، سیکریٹری پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی محمد اقبال، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر راجہ بشارت نے کہا کہ حکومت کو کورونا سے بچاؤ کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹرز اور دیگر کاروباری طبقے کا بھی خیال ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اسی لیے مشروط طور پر پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے ٹرانسپورٹ پر واضح کیا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بہت کم ہوئی ہیں، اس کا فائدہ کرایوں میں کمی کی صورت میں عوام کو پہنچنا چاہیے۔ کرایوں میں کمی یا نظر ثانی کے لیے سیکرٹری ٹرانسپورٹ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مل کر نئے کرایے طے کریں گے۔
لوکل ٹرانسپورٹ کے لیے جاری ایس او پیز میں کہا گیا ہے کہ دو سیٹوں پر ایک سواری، سوار ہوتے وقت مسافروں کے درمیان 3 فٹ کا فاصلہ، اے سی بند اور کھڑکیاں کھلی ہوں گی۔
ٹرانسپورٹرز ہر چکر کے بعد بس کی ڈس انفیکشن اور ہر ٹرمینل پرسینی ٹائزر کی دستیابی یقینی بنائیں گے۔ مسافر اگلے دروازے سے سوار اور پچھلے دروازے سے اتریں گے۔ اس کے علاوہ بخار یا کھانسی کے حامل مسافر بس میں سوار نہیں ہو سکیں گے۔
حکومتی کمیٹی پبلک ٹرانسپورٹ جلد چلانے کے لیے اپنی حتمی سفارشات وزیراعلیٰ کو پیش کرے گی اور وہی آخری فیصلہ کریں گے۔ حکومت ٹرانسپورٹرز کیساتھ ایس او پیز طے کرے گی ان پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔
صوبائی وزیر صنعت وتجارت پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پیر سے شاپنگ مالز اور آٹو موبائل انڈسٹری کو کھولنے کی اجازت دیدی جائے گی۔ متعلقہ شعبوں کے ساتھ مل کر ایس او پیز کو حتمی شکل دے دی۔
حکومت کی جانب سے شاپنگ مالز کے اوقات کار کا بھی تعین کر دیا گیا۔ تاہم ایس او پیز کا سختی سے نفاذ ہوگا۔ تھرمل گن سے چیکنگ، ہینڈ سینٹی ٹائزر اور ماسک کا استعمال یقینی بنایا جائے گا۔
آٹو موبائل انڈسٹری پیداواری یونٹس کو ہفتے میں سات دن کام کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شو رومز ہفتے میں چار دن کھلیں گے۔