گوجرانوالہ میں تحریک انصاف کی واحد خاتون ممبر پنجاب اسمبلی شاہین رضا کرونا وائرس سے انتقال کر گئیں خاندانی ذرائع کے مطابق خاتون ایم پی اے میں ہفتے کی رات کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی
گوجرانوالہ میں تحریک انصاف کی واحد خاتون ممبر پنجاب اسمبلی شاہین رضا کرونا وائرس سے انتقال کر گئیں خاندانی ذرائع کے مطابق خاتون ایم پی اے میں ہفتے کی رات کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جن کو وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر گزشتہ رات تشویشناک حالت میں میوہسپتال لاہور منتقل کیا گیا تھا۔ جہاں آج ایم پی اے شاہین رضاانتقال کر گئیں شاہین رضا کو خواتین کی مخصوص نشست پر ممبر پنجاب اسمبلی منتخب کیا گیا تھااورایم پی اے شاہین رضا کرونا کراسیز میں جب گوجرانوالہ کی بیشتر سیاسی شخصیات اپنے گھروں میں محصور تھیں اس وقت بھی مرحومہ شہریوں تک راشن پہنچانے اور اگاہی مہم میں بھرپور کردار ادا کرتی رہیں ہیں۔
شاہین رضا تحریک انصاف کی سرگرم رکن اور مثالی سوشل ورکر تھیں جنہوں نے اپنی تمام زندگی انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کر دی تھی۔
69 سالہ شاہین رضا کو علیل ہونے پر 17 مئی کو پہلے گوجرانوالہ کے سول ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا تاہم طبیعت بگڑنے پر 3 روز قبل گوجرانوالہ سے لاہور کے میو ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔ شاہیں رضا میو ہسپتال میں وینٹی لیٹرز پر زیر علاج تھیں جہاں وہ آج (منگل کی) صبح اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں ان کا علاج کرنے والے معالجین نے بتایا کہ کہ مرحومہ کو ذیابیطس اور بلڈ پریشر کا عارضہ بھی لاحق تھا اور ہفتہ کے روز ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف کی خاتون ایم پی اے شاہین رضا کی کورونا ایس او پیز کے ساتھ مرحومہ کے گھر کے قریب سیشن کورٹ کے سامنے والے قبرستان میں تدفین کردی گئی۔ نماز جنازہ اور تدفین میں ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل اشرف، خاندان کے چند افراد اور انتظامیہ کے افسران شریک تھے۔
شاہین رضا کے انتقال پر وزیر اعظم عمران خان، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اس موقع پر دپٹی کمشنر سہیل اشرف کا کہنا ہے کہ مرحومہ خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار، کورونا وباء کے دوران بھی مستحقین میں راشن کی تقسیم میں پیش پیش رہیں اور ان کی انسانیت کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔