ارطغرل غازی دیکھنے کا شکریہ، سلیمان شاہ نے پاکستانی جھنڈا شیئر کر دیا

پاکستان میں نشر ہونے والے ترک ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ میں قائی قبیلے کے سردار سلیمان شاہ کا کردار ادا کرنے والے ’سردار گوکخان‘ نے بھی دیگر اداکاراؤں کی طرح پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہرہ آفاق ترک ڈرامے ارطغرل غازی کی مقبولیت پاکستان میں مسلسل بڑھ رہی ہے اور اس میں کام کرنے والے اداکاروں کے پاکستانی مداحوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ ڈرامے میں ارطغرل غازی کا کردار 41 سالہ انجین التان دوزیتان نے نبھایا ہے جب کہ ان کی بیوی حلیمہ سلطان کا کردار 28 سالہ اسرا بیلگیج نے ادا کیا ہے۔

دونوں اداکاروں اور خاص طور پر حلیمہ سلطان کی پاکستان میں بے پناہ مقبولیت ہے اور لوگوں نے سوشل میڈیا پر فالو کرنے سمیت ان سے محبت کا اظہار کرنا بھی شروع کیا اور بتایا کہ کس طرح پاکستانی مداح انہیں چاہنے لگے ہیں۔ ڈرامہ مداحوں کی جانب سے تین ہفتوں میں حلیمہ سلطان یعنی اسرا بیلگیج کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ان کی تعریف میں کمنٹس کیے گئے ہیں اور لوگ ان سے ملنے اور انہیں پاکستان آنے کی دعوت دیتے دکھائی دیتے ہیں۔

سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ انسٹاگرام پر سردار گوکخان نے پاکستانیوں سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کی تصویر شیئر کی۔

شیئر تصویر کے ساتھ سردار گوکخان نے ’ارطغرل غازی‘ دیکھنے اور ڈرامے کے تمام کرداروں کو سراہنے پر تمام پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا اور اپنے میں جلد پاکستان آنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں ترک ڈرامہ سیریل دیریلش ارطغرل، جسے ارطغرل غازی بھی کہا جاتا ہے، کو پاکستانی بہت پسند کر رہے ہیں، پی ٹی وی پر نشر ہونے والے ترک ڈرامے نے ایک نیا ریکارڈ بنا دیا ہے۔

اس سے قبل ’ارطغرل‘ کا کردار ادا کرنے والے انجین التان دوزیتان کا کہنا تھا کہ ہمیں دیکھنے کا شکریہ، مجھے پاکستان سے پیار ہے۔

ایک مداح نے دورہ پاکستان کی دعوت دی تو ’ارطغرل غازی‘ کا کردار ادا کرنے والے اداکار کا کہنا تھا کہ میں جلد پاکستان کا دورہ کروںگا اور آپ لوگوں سے ملوں گا۔

اس سے قبل ارطغرل غازی ڈرامہ کی اداکارہ ’حلیمہ سلطان‘ کا بھی کہنا تھا کہ میں پاکستان میں سب سے ملنے کے لیے پر جوش ہوں۔

اداکارہ اسراء بلجیک (حلیمہ سلطان) نے خواہش کا اظہار سماجی رابطوں کی مشہور ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے پاکستانی مداح کی تعریف کے جواب میں کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں