وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ پائلٹس کو بھی سیاسی بنیادوں پر بھرتی کروایا جاتا ہے، جو دکھ کی بات ہے، عزم ہے کہ پی آئی اے کو دوبارہ سے فعال بنایا جائے گا۔
غلام سرور نے کہا کہ بد قسمتی سے پی آئی اے کے چار پائلٹس کی ڈگریاں جعلی نکلیں، پائلٹس کو بھرتی کرتے وقت میرٹ کو نظر انداز کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ چالیس فیصد پائلٹس کے لائسنس جعلی ہیں، پائلٹس کے جعلی لائسنس پر کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے، پی آئی اے کی ری اسٹرکچرنگ کرنی ہے۔
وزیر ہوا بازی غلام سرورخان نے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی طیارہ حادثے کے دن ہی انکوائری کمیشن تشکیل دیا، طیارہ حادثے کے 3 روز بعد فرانسیسی تفتیشی ٹیم پاکستان آ ئی، انکوائری میں سینئر پائلٹس کو بھی شامل کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ طیارہ حادثے کی مکمل رپورٹ تیار ہونے میں ایک سال کا وقت لگے گا۔
غلام سرور نے کہا کہ ایئر بس کی ٹیم نے بھی جائے حادثہ کا دورہ کیا اور معلومات جمع کیں، صاف شفاف انکوائری ہورہی ہے، طیارہ حادثہ میں 97 افراد شہید ہوئے، اسی رات ایک ٹیم تشکیل دی جو سینئر ترین افراد پرمشتمل بورڈ تھا، حادثے کے بعد یہ بورڈ کراچی پہنچا اور اس نے اپنی تحقیقات کا آغاز کردیا۔
پاکستان کے معرض وجود میں آنے کے بعد 12 طیارہ حادثات ہوئے، کیا ان حادثات کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا؟
قومی اسمبلی میں کراچی طیارہ حادثے کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے وزیر ہوا بازی کا کہنا تھا کہ آج طیارہ حادثے کی عبوری رپورٹ پیش کررہے ہیں۔
بدقسمتی سےیہ طیارہ حادثہ پہلا واقعہ نہیں،72 سالوں میں 12 واقعات ہوئے ہیں، ان 12 واقعات کی بروقت انکوائری ہوئی اورنہ رپورٹ سامنے آئی، ان بارہ واقعات کے ذمہ داروں کا تعین اور سزا کے بارے میں کوئی نہیں جان سکا۔
سابق تمام حادثات کی بروقت انکوائری ہوئی نہ رپورٹ سامنے آئی اورنہ حقائق عوام تک پہنچے، آج تک عوام اور مرنے والوں کے لواحقین میں تشنگی رہی کہ ان واقعات کے ذمہ دار کون تھے؟
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایئر بلو اور بھوجا ایئر طیارہ حادثہ بھی پائلٹس کی غلطی کی وجہ سے ہوا، ایئر ٹریفک کنٹرول کی ہدایات کو پائلٹس اور معاون پائلٹس نے نظر انداز کیا۔
انہوں نے کہا کہ حادثے کی ذمہ داری کریو کیبن اور ایئر ٹریفک کنٹرول کی بھی بنتی ہے، جہاز مکمل فٹ اورآٹو لینڈنگ پرلگا ہوا تھا، طیارے کے پائلٹس طبی طور پر جہاز اڑانے کے لیے فٹ تھے۔
انہوں نے کہا کہ پائلٹس نے دوران پرواز کسی قسم کی تکنیکی خرابی کی نشاندہی نہیں کی، لینڈنگ گیئر کے بغیر جہاز تین بار روے سے ٹچ ہوا،جس سے انجن کو نقصان پہنچا، جہاز نے جب دوبارہ ٹیک آف کیا تو دونوں انجنوں کو کافی نقصان پہنچ چکا تھا۔
غلام سرور خان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کی رپورٹ کے مطابق پائلٹ اوراے ٹی سی نے مروجہ طریقہ کار کو اختیار نہیں کیا، ابتدائی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کررہے ہیں جس کے مطابق طیارہ پرواز کے لیے سو فیصد فٹ تھا۔
انہوں نے کہا کہ طیارہ گرنے سے جن گھروں کو نقصان پہنچا ان کا ازالہ بھی جلد کریں گے، طیارہ گرنے سے 29 گھروں کونقصان پہنچا، وہ گھر جن پرطیارہ گرا ان کا سروے کروادیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عدالت کو بھی ہم تمام حقائق سے متعلق آ گاہ کررہے ہیں، ذمہ داروں کے خلاف بلا تفریق ایکشن ہوگا۔
Load/Hide Comments