وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا32واں اجلاس ہوا۔ پنجاب کابینہ نے مارکیٹ میں آٹے کی قیمتوں میں کمی کے لئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے فلور ملوں کو گندم کے اجرا کے حوالے سے عبوری پالیسی 2020-21ء کی منظوری دی۔سرکاری گندم کے اجرا سے مارکیٹ میں 20کلو کے آٹے کا تھیلا1050روپے سے کم ہوکر850روپے میں دستیاب ہوگا۔پنجاب کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ فلور ملوں کو 1475 روپے فی من کے حساب سے گندم فراہم کی جائے گی۔ گندم کی عبوری پالیسی دو ماہ کے لئے ہوگی۔محکمہ خوراک پنجاب صرف فعال فلور ملوں کو سرکاری گندم کا کوٹہ دے گا۔عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کیلئے سرکاری گندم دو ماہ قبل فلور ملوں کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کیاگیا ۔سرکاری گندم کے اجرا کی عبور ی پالیسی کی کڑی مانیٹرنگ ہوگی۔پنجاب کابینہ نے محکمہ خوراک سے ٹارگٹڈ سبسڈی کیلئے جامع پلان طلب کرلیا۔محکمہ خوراک 30روز میں اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گا۔اجلاس میں پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد اشرف طاہر کے کنٹریکٹ میں ایک سال کی توسیع کی منظوری دی گئی اورپنجاب کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن ایکٹ 2014ء میں ترمیم کا ڈرافٹ بل منظور کیاگیا۔اجلاس میں محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کے زیر انتظام سرکاری یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تقرری کیلئے سرچ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب انفیکشن ڈیزیززآرڈیننس2020 ء پر موثر عملدرآمد کے لئے ترامیم کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں ملتان میں ٹائم انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلئے ایکٹ پنجاب اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشی مشکلات کے باوجود عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں۔صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے ۔ہسپتالوں میں آکسیجن کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائیں گے ۔ ای گورننس پر مبنی محکمانہ اصلاحات کے ذریعے تعمیراتی شعبہ سے متعلقہ این او سی کا اجرا آسان بنا دیا گیا۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تعمیراتی شعبے سے متعلقہ این او سی اب ای خدمت مراکز سے ون ونڈ و کے ذریعے حاصل کئے جا سکیں گے ۔نجی، کمرشل یا صنعتی تعمیرات کیلئے اجازت ناموں /این او سی کے حصول کیلئے اب برسوں انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔این او سی کا اجرا آئندہ چند ہفتے میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نقشوں کی منظوری، تکمیل تعمیر سر ٹیفکیٹ، جگہ کے استعمال میں تبدیلی کا این او سی یا نجی رہائشی کالونیوں کی منظوری سے متعلقہ اجازت نامے نئے شیڈول کے تحت ملیں گے ۔ پہلے مرحلے میں پنجاب کے 9 ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں قائم ای خدمت مراکز میں ان سروسز کا آغاز کر دیا گیا ۔ عوام کو فائلیں اٹھائے متعدد سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کی زحمت سے نجات ملے گی ، کرپشن کا ایک اور دروازہ بند کر دیا گیا ۔ صارفین اپنی درخواستوں کا سٹیٹس جاننے کیلئے ای خدمت پورٹل یا موبائل ایپ کے علاوہ 08009100 پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ہم باتیں کم اور کام زیادہ کرتے ہیں۔ عثمان بزدار سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔ منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فرداً فرداً اراکین پنجاب اسمبلی کی تجاویز کو نوٹ کیا اور مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شور مچانے والے عناصر پیچھے رہ گئے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان آگے کی جانب بڑھ رہا ہے ۔تنقید کی پروا کئے بغیر عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی عزت میں کمی نہیں آنے دیں گے ۔ عثمان بزدار نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے معصوم نواسے کے سامنے نانا کو گولی مارنے کی شدید مذمت کی ہے ۔ عثمان بزدار نے کہا کہ بھارتی فوج نے پوری انسانیت کے سینے میں گولی ماری ہے ۔یہ دلخراش واقعہ عالمی برادری کی آنکھیں کھول دینے کیلئے کافی ہے اور اقوام عالم کو اس بربریت کا نوٹس لینا چاہیے ۔مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے بڑھتے ہوئے ظلم کو روکنے کیلئے اقوام متحدہ کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
اہم خبریں
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments