پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی ٹیسٹ کم ہونا عوام کے خلاف سازش ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کو کورونا ٹیسٹنگ جان بوجھ کر کم کرنے کا الزام عائد کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت شہریوں کی زندگی داؤ پر لگا رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوام کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے، کورونا کی ٹیسٹنگ کم ہونا عوام کے خلاف سازش ہے۔
انھوں نے کہا کہ جہاں ٹیسٹنگ کم ہوگی وہاں کورونا کا گراف نیچے کی جانب ہی جائے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پوری دنیا ہمیں ٹیسٹنگ ٹیسٹنگ کا کہہ رہی ہے، اور وفاق یہ نظر انداز کر رہا ہے۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے شعبہ صحت میں کام کرنے والے طبی عملے کے لیے رسک الاؤنس کا اعلان کیا ہے، پورے ملک میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کے لیے رسک الاؤنس دیا جائے۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت دوسروں کے لیے مثال ہے، دیگر صوبوں کے مقابلے میں سندھ میں کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد سب سے زیادہ ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سندھ میں آئی سی یوز اور ایچ ڈی یوز کی تعداد بھی زیادہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کو صرف سلوٹ نہیں عملی اقدام کر کے دکھایا جائے کہ حکومت ان کے ساتھ ہے۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ جب مزید فنڈز اور وسائل دینے چاہیے تھے تو وفاق کم فنڈز اور وسائل دے رہا ہے۔
انھوں نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ این آئی وی سی ڈی جیسا اسپتال پورے ملک میں تعمیر کروائیں گے۔
Load/Hide Comments