شہباز شریف کی طبیعت ناساز، ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دیدیا

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف کی طبیعت ناساز ہو گئی جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیدیا۔

شہباز شریف کی طبیعت ناساز ہونے پر ڈاکٹرز نے ان کا طبی معائنہ کیا اور انھیں ڈرپ بھی لگائی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد ان کی طبیعت ناساز ہوئی۔ رانا ثناء اللہ نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران بھی شہباز شریف کی طبیعت کی خرابی کا ذکر کیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ایک ماہ سے میاں محمد شہباز شریف نے خود کو قرنطینہ کیا ہوا تھا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے قوم کو آگاہ کیا تھا کہ میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا جس کے بعد میں نے خود کو گھر میں آئسولیٹ کر لیا ہے۔

کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے ان کو ٹیلیفون کر کے خیریت دریافت کی تھی۔

اسی طرح پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی لیگی صدر کو ٹیلیفون کیا تھا اور جلد صحت یابی کے لیے دعا کی تھی جبکہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے بھی ٹیلیفون کر کے صحت یابی سے متعلق نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔ٹیلیفون فون کرنے والوں میں چینی سفیر اور دیگر سفارتی عملہ بھی شامل تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں