اقوام متحدہ ہمارا نقشہ تسلیم کرلے تو مسئلہ حل ہوجائے گا: صدر مملکت عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ نے مسئلہ کشمیر پر اپنا کردار ادا نہیں کیا جس سے مایوسی ہوئی، اقوام متحدہ ہمارا نقشہ تسلیم کرلے تو مسئلہ حل ہو جائے گا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بھارتی مظالم سے دنیا کو آگاہ کر رہے ہیں۔ بھارت میں نفرتیں بڑھ رہی ہیں۔ وہاں کی حکومت اپنی تاریخ خود مسخ کر رہی ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ کشمیر میں خواتین پر ظلم کیا گیا۔ بھارت نے نازی قسم کی سیاست اور پیلٹ گن کا استعمال اسرائیل سے سیکھا۔ بھارت کشمیر میں مظالم بڑھا رہا ہے۔ مودی حکومت نے حالات خراب کیے لیکن وہ اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوگی۔

صدر مملکت نے کہا کہ اقوام متحدہ کا ادارہ 1945ء میں بنا جہاں بھارت خود کشمیر کا معاملہ لے کر گیا تھا۔ اگر مقبوضہ کشمیر میں سب کچھ ٹھیک ہے تو بھارت عالمی میڈیا کو اجازت کیوں نہیں دیتا؟

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر مسئلے پر ہم سب اکٹھے ہیں۔ کشمیر مسئلے پر ہم سب نے اپنا اپنا رول ادا کرنا ہے۔ بدھ کے روز سینیٹ میں مجھے دعوت دی گئی ہے۔ کسی صدر کو سینیٹ کی دعوت پہلا موقع ہے۔

انہوں نے دوران پروگرام گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی غیر قانونی اقدام پر چین نے واضح موقف اختیار کیا جبکہ ترکی، چین اور ملائیشیا نے بھی پاکستان کو کشمیرمعاملے پر سپورٹ کیا۔

صدر کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا تیز ترین فورم ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے کہا ہے کہ کشمیر کاز کو سوشل میڈیا پر زیادہ اجاگر کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں