پنوعاقل میں ذہنی مریض نے اپنی بھابی اور بھتیجوں سمیت گھر کے 11 افراد کو قتل کر دیا۔ مرنے والوں میں 6 خواتین اور 5 بچے شامل ہیں، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پنوعاقل: (دنیا نیوز) پنوعاقل میں قتل کی لرزہ خیز واردات، جنونی شخص نے بیوی، بیٹیوں، بھابھی اور بھتیجیوں سمیت 11 افراد کو قتل کر دیا۔ پولیس نے ملزم گرفتارجبکہ 2 بیٹوں کو شک کی بنا پر حراست میں لے لیا۔
افسوس ناک واقعہ پنو عاقل کینٹ تھانے کی حدود کے گاؤں محمد حسن انڈھڑ میں پیش آیا، جنونی وہاب اللہ انڈھڑ نے خون کی ہولی اس وقت کھیلی جب گھر کے افراد سو رہے تھے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق مقتولین کو نشہ آور چیز کھلا کر مارا گیا۔
اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار جبکہ 2 بیٹوں کو حراست میں لے لیا۔ مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے پنو عاقل ہسپتال پہنچا دی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے ملزم کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے، مزید تفتیش کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے افسوسناک واقعے کا نوٹس لے کر آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔