‘نواز شریف کے جانے پر عمران خان پچھتا رہے ہیں، اب انہیں واپس لانا آسان کام نہیں’

شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف کے جانے پر عمران خان پچھتا رہے ہیں، اب انہیں واپس لانا آسان کام نہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو این آر او کی تلاش ہے لیکن اب کسی کو چھوٹ نہیں ملے گی، مریم نواز کے ٹویٹر کو سگنل ملنے سے شہباز شریف کی سیاست کو نقصان پہنچا، مردہ اپوزیشن حکومت کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا اپوزیشن کی اے پی سی ان کے گلے پڑسکتی ہے، محرم کے بعد بھی اے پی سی نہیں دیکھ رہا، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ میں بظاہر اختلافات ہیں، مریم نواز نے جتنے پتھر مارے وہ شہباز شریف کی سیاست کو لگے، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا کیس گہرے پانیوں میں ہے، شہباز شریف کسی صورت بھی تحریری بیان نہیں دیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا مریم نواز شہباز شریف کی سیاست کیخلاف کام کر رہی ہیں، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ این آر او کی تلاش میں ہیں، فضل الرحمان جو چاہتے ہیں وہ (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی سے نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا ایم این ون اہم منصوبہ ہے، شالیمار ایکسپریس کے کرایوں میں 25 اگست سے 10 فیصد کمی ہوگی۔

اس سے قبل وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے خاندان والے بھی جانتے ہیں وہ صحت مند ہیں، رپورٹس غلط دینے کا مطلب جعلسازی ہے، اب دیکھتے ہیں کون کون پکڑا جاتا ہے، پنجاب حکومت تحقیقات کرے گی۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کی تحقیقات کا کہا ہے، پنجاب حکومت میڈیکل رپورٹس کے معاملے کی تحقیقات کرے گی، نیب آزاد ادارہ ہے، فضل الرحمان اس وقت کرائے کے ہجوم کی پارٹی چلا رہے ہیں، میں پہلے بھی کہہ رہا تھا نواز شریف کوئی بیمار نہیں ہے، ترس نہ کھاؤ، مریم نواز ہو یا نواز شریف ہو ان کا دردایک ہی ہے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا مریم نواز اور شہباز شریف کی خواہش ہے کہ ان کیخلاف کیسز بند ہوں، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی وجہ سے پاکستان گرے لسٹ میں گیا، آپا اور پاپا چاچا کی سیاست کا بیڑہ غرق کرنا چاہتے ہیں، جب کسی کیس میں تیزی آتی ہے تو وہ لوگ سیاسی دباؤ پیدا کرتے ہیں، شہباز شریف اور بلاول مل کر بھی جلسہ کریں تو ایک شادی ہال میں بندے اکھٹے نہیں کرسکتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں