موسمیاتی تبدیلی کے معاون خصوصی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی وزارت قومی الیکٹرک وہیکل پالیسی کے تحت گاڑیوں کے مالکان کے لئے نئی مراعات پر غور کررہی ہے جس کا اعلان جلد کیاجائے گا۔
اسلام آباد میں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت نے موسمیاتی تبدیلی اور فضائی آلودگی کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے ملک میں مرحلہ وار برقی گاڑیاں متعارف کروانے کے وسیع مقصد کے تحت قومی الیکٹرک وہیکل پالیسی کا مسودہ تیار کیا ہے۔
امین اسلم نے کہا کہ اس پالیسی سے اگلے دس سالوں میں ملک کو تیل کی درآمد کے بل کی مد میں دو ارب بیس کروڑ سے تین ارب ستر کروڑ ڈالر تک کی بچت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کے تحت2030 تک ایندھن پر چلنے والی تیس فیصد گاڑیوں کو برقی گاڑیوں پر منتقلی یقینی بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔