کاروباری افراد کو 180 دن کیلئے بند کرنے کی خبر سفید جھوٹ ہے، شہزاد اکبر

مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ احسن اقبال نے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ میں ترامیم پر قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ کاروباری افراد کو 180 دن کیلئے بند کرنے کی خبر سفید جھوٹ ہے۔ یا تو ان کے علم میں نہیں کہ ترامیم کیا ہیں یا وہ قوم کو گمراہ کر رہے ہیں۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ میں اس طرح کی کوئی ترمیم سرے سے تھی ہی نہیں، اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ میں ترمیم فیٹف کی سفارشات کی روشنی میں ہیں۔

مشیر داخلہ کا کہنا تھا کہ قوانین میں اینٹی منی لانڈرنگ کے حوالے سے خامیوں کو دور کیا جا رہا ہے۔ سزا 5 سے بڑھا کر 10 سال اور جرمانے میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ حکومت کی تمام ترامیم فیٹف اور اے پی جی کی سفارشات کے مطابق ہیں۔ اپوزیشن کا نیب کی جانب سے منی لانڈرنگ کی تفتیش پر اعتراض ہے۔ مسلم لیگ (ن) چاہتی ہے کہ اینٹی منی لانڈرنگ سے نیب کو نکال دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ہے وہ این آر او جو وہ مانگ رہے ہیں، جو کسی صورت نہیں ملے گا۔ اینٹی منی لانڈرنگ میں نیب کا نام پہلے سے موجود ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں