شاہی قلعہ لاہور میں نئی دریافتیں،لوگ حیران۔

شاہی قلعہ:نکاسی آب کا 400سال پرانا نظام اصل حالت میں لاہور شاہی قلعہ میں چارسو سال قدیم نکاسی آب کا نظام دریافت ہو گیا،نالیوں میں روشنی کرنے کے انتظامات کے آثار آج بھی محفوظ ہیں،تعمیر کرنے والوں کی تکنیکی مہارت نے ماہرین کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔ ٹیسٹنگ کے بعداسے مکمل طور پر فعال قرار دے دیا گیا۔ تفصیل کے مطابق شاہی قلعہ میں صدیوں سے زمین کے اندر دبا ہوا سیوریج سسٹم سامنے آیا ہے جو 600سے 8سو میٹر طویل، چھوٹی اور بڑی نالیوں پر مشتمل ہے ۔ ماہرین کے مطابق نظام میں نکاسی آب کے تمام تقاضوں کو انتہائی مہارت سے پور اکیاگیا ،حتی کہ اِس نظام میں مناسب روشنی کے انتظام کو بھی ممکن بنایا گیا ۔ممکنہ طور پردورجہانگیری میں مکمل ہونے والے اِس نظام کی نالیاں،چار سو برس کے بعد بھی پوری مضبوطی کے ساتھ اپنی جگہ قائم ہیں جن میں پانی چلنے کے واضح آثار دیکھے جاسکتے ہیں۔ اس حوالے سے والڈ سٹی اتھارٹی لاہور کے ڈائریکٹرکنزرویشن نجم الثاقب نے روزنامہ دنیا کو بتایا نظام آج بھی مکمل طور پر فعال ہے جس کی ٹیسٹنگ کے انتہائی شاندار نتائج سامنے آئے ۔ اُن کا کہنا تھا بارشوں کے دوران قلعے سے نکاسی آب کے لیے اِس نظام کو استعمال کیا گیا تو پورے قلعے میں کہیں پر پانی کھڑا نہ ہوا ۔ سب انجینئر حافظ محمد عمر نے بتا یا ماضی میں قلعے کی مختلف عمارتوں کو پانی کی وجہ سے بہت نقصان پہنچا لیکن اس نظام کے باعث انہیں مزید نقصان سے بچانا ممکن ہوگیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں