لمبے، گھنے، سلکی، چمکدار بال کسے پسند نہیں، بال خوبصورت شخصیت کا اہم حصہ بھی مانا جاتا ہے، اگر آپ کے بال کمزور، بے جان اور روکھے ہیں تو گھر میں ہی چند مثبت عادات اپنا کر خوبصورت بال حاصل کیے جا سکتے ہیں۔نرم و ملائم، لمبے بالوں کی خواہشمند خواتین خوبصورت بالوں کے لیے پارلر سے مہنگے ٹریٹمنٹس کرواتی ہیں جن کے نتائج تسلی بخش نہیں ہوتے، خوبصورت بال حاصل کرنے کے لیے اِن کی دیکھ بھال اور مستقل مزاج ہونا اولین شرط اگر آپ مستقل مزاج ہیں تو گھر میں ہی رہتے ہوئے بغیر کسی خرچے کے اپنے بالوں کو صحت مند، سلکی اور خوبصور ت بنا سکتے ہیں ۔
مندرجہ ذیل بتائے گئے گھریلو ٹو ٹکوں اور ہر گھر کے کچن میںں باآسانی دستیاب اشیا کے استعمال سے چند ہفتوں میں ہی بالوں کی لمبائی میں واضح طور پر اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
آملہ:بالوں کی بہترین نشوونما کے لیے آملہ کا استعمال کئی دہائیوں سے کیا جا رہا ہے، وٹامن سی سے بھر پور آملہ کے استعمال سے بالوں کی افزائش کے عمل میں تیزی آتی ہے، آملہ میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ بالوں کی افزائش کے لیے لازم ملزوم ہارمونز کی افزائش میں مدد فراہم کرتا ہے۔آملہ پیس کر بالوں میں لگانے سے ڈائے اور اسٹریٹنر کے استعمال سے متاثر بالوں کو صحت مند ہونے میں مدد ملتی ہے۔
پیاز کا رس:پیاز پکوان میں ہی استعمال نہیں ہوتا بلکہ اس کے خوبصورتی میں اضافے کے لیے بھی بے شمار استعمال ہیں، پیاز بالوں کی لمبائی بڑھانے کا نہایت عمدہ ذریعہ ہے، سلفر سے بھر پور پیاز کے رس کے استعمال سے بالوں کی لمبائی تیزی سے بڑھتی ہے۔دو پیازوں کا رس نکال کر اس کا بالوں کی جڑوں سے لے کر سروں تک اسپرے کر لیں، 5 منٹ کے لیے اب اس سے مالش کریں اور 1 گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں، بعد ازاں بالوں کو کسی اچھے سے شیمپو سے دھو لیں۔
آلو کا رس:آلو کا رس یا اسے پیاز کے رس کے ساتھ بھی ملا کر بالوں پر لگایا جا سکتا ہے، اس سے بال صحت مند اور جَلد لمبے ہوتے ہیں، آلو کارس نہ صرف بالوں کی افزائش کو بڑھاتا ہے بلکہ یہ روکھے، بے جان بالوں کا علاج بھی ہے، آلو وٹامن اے، بی اور سی سے بھرپور ہوتا ہے جبکہ یہ وٹامنز بالوں کے لیے ضروری سمجھے جاتے ہیں ۔2 سے 3 آلوؤں کا رس نکال کر اس میں ا یک انڈے کی زردی اور ایک چمچ شہد ملاکر بالوں پر لگائیں اور 30 منٹ بعد بال دھو لیں ۔
میتھی دانہ:صحت مند بالوں کی نشوونما اور لمبائی بڑھانے کے لیے میتھی کا استعمال زمانہ قدیم سے کیا جارہا ہے، دو سے تین چمچ میتھی دانے کو اچھی طرح پیس لیں، اب اسے پانی میں ملا کر بالوں پر بطور ماسک لگا لیں۔
سیب کا سرکہ:سیب کے سرکے میں بالوں کی خوبصورتی اور بالوں کی افزائش کا خزانہ چھپا ہوا ہے، اس کے بالوں پر استعمال سے بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں ، سیب کا سرکہ بالوں کے ہارمونز کو متحرک کر کے ان کے بڑھنے کی رفتار کو تیز کرتا ہے جس کے نتیجے میں بال دنوں میں لمبے ہوتے ہیں ۔
انڈہ:پروٹین سے بھر پور انڈے میں بالوں کی بہترین نشوونما کے لیے ضروری وٹامنز اور منرلزپائے جاتے ہیں، ایک سے دو انڈوں کی سفیدی لیں اب اس میں ایک چمچ زیتون کا تیل اور ایک چمچ شہد ملا کر بالوں کی جڑوں میں مالش کریں اور بالوں کو 30 منٹ کے لیے باند ھ دیں، بعد ازاں بال شیمپو کر لیں۔
مندرجہ بالا دیئے گئے سب ہی ٹوٹکوں سے بال تیزی سے لمبے اور صحت مند ہوتے ہیں، بہترین نتائج حاصل کرنے، بالوں کی صحت برقرار رکھنے اور لمبائی بڑھانے کے لیے ان ٹوٹکوں کا استعمال باقاعدگی سے کریں۔
Load/Hide Comments