آقائے دو جہاں، رحمت اللعالمین ﷺ کی ولادت باسعادت کا جشن مذہبی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اور کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی ہے۔
عید میلادالنبی ﷺ کے مبارک موقع پر وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز اکتیس جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ نماز فجر کے بعد فضا میں درود و سلام کی صدائیں گونجتی رہیں۔
ملک بھر میں ہر سو سبز جھنڈوں کی بہا ر ہے۔ شہر شہر، قریہ قریہ، گلیاں بازار سجے ہوئے ہیں۔ مختلف مذہبی تنظیموں نے رحمت العالمین ﷺ کی مبارک زندگی کے حوالے سے کانفرنسز کا اہتمام کیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں سیرت نبی ﷺ کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے، جس میں ملک بھر سے جید علما، سکالرز اور آئمہ کرام رحمت العالمین ﷺ کے اخلاق حسنہ اور دیگر محاسن پر روشنی ڈالیں گے۔ عاشقان رسول نے نبی رحمت کے جشن ولادت منانے کا انتظام کر رکھا ہے۔
عید میلاد النبیؐ کے موقع پر فشریز کے زیر اہتمام کراچی کے سمندر میں بوٹ ریلی کا اہتمام کیا گیا، کشتیوں کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجایا گیا، بوٹ ریلی مختلف جزائر سے گزری، عاشقان رسول ﷺ کی بڑی تعداد بوٹ ریلی میں شریک ہوئی۔
دوسری جانب چنیوٹ میں 63 من وزنی کیک کاٹا گیا، کیک وادی عزیز شریف دربار پر کاٹا گیا۔ اس موقع پر عاشقان مصطفیؐ نے گلہائے عقیدت پیش کیے، احمد پور شرقیہ بھی درود و سلام کی صداوں سے گونج اٹھا، احمد پور شرقیہ میں جشن عید میلادالنبی کے سلسلے میں مشعل بردار ریلی کا انعقاد کیا گیا، شرکاء نے ہاتھوں میں مشعلیں اٹھا کر خاتم النبین ﷺ سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔
صدر مملکت اور وزیراعظم نے قوم کو عیدمیلاد النبیؐ کی مبارکباد دی اور قوم کے نام پیغام میں کہا سرور کائنات کی حیثیت بے مثال آفتاب کی ہے، آپؐ کی بے مثل تعلیمات انسانوں کیلئے مشعل راہ ہیں، ہم نے اس سفر کا آغاز کر دیا، اب منزل زیادہ دور نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے امت مسلمہ کو عید میلاد النبی ﷺ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حضورا کرمؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر معاشرے سے ظلم ختم کیا جاسکتا ہے، آپؐ کی زندگی مجسم قرآن ہے جس میں مکمل رہنمائی اور ہدایت موجود ہے، حضورکریمؐ نے مختصر مدت میں مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا۔