صوبہ سندھ کے علاقے کشمور میں خاتون اور اس کی چار سالہ بچی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے والا ملزم رفیق ملک اپنے عبرتناک انجام کو پہنچ گیا ہے۔ ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے مارا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کو نشاندہی کیلئے لے کر بخشاپور کے علاقے میں لے جایا گیا، جہاں موجود اس کے ساتھی نے فائرنگ کردی۔ ادھر کشمور پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دوسرے ملزم خیر اللہ بگٹی کو گرفتار کر لیا ہے۔
ڈی آئی جی لاڑکانہ کے مطابق ملزم نے اپنے ساتھی خیر اللہ بگٹی کے ٹھکانے سے متعلق پولیس کو آگاہ کیا، پولیس ٹھکانے پر پہنچی تو ملزم خیر اللہ نے فائرنگ شروع کردی۔
ڈی آئی جی ناصر آفتاب نے بتایا کہ خیر اللہ بگٹی کی فائرنگ کی زد میں آکر زیادتی کا ملزم رفیق ملک ہلاک ہو گیا۔ تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم خیر اللہ بگٹی کو گرفتار کر لیا۔ خیال رہے کہ ملزم رفیق ملک کو ہفتے کی صبح انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا جانا تھا۔
دوسری جانب ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے سندھ حکومت کی جانب سے کشمور پولیس کے اے ایس آئی محمد بخش برڑو کی بیٹی کے لیے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں تو اس کے تمام اخراجات سندھ حکومت برداشت کرے گی۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کشمور پولیس افسر محمد بخش کو قائداعظم پولیس میڈل دینے کے لئے وفاق کو خط لکھے گی۔