وفاقی حکومت نے عوام پر نیا سال کا بم گراتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں 2 روپے 31 پیسے کا اضافہ کر دیا ہے۔
اعلامیہ وزیراعظم آفس کے مطابق وزیرِاعظم نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارشات کے برعکس پیٹرولیم مصنوعات میں کم سےکم اضافہ کرنےکی منظوری دی۔
اعلامیے کے مطابق اوگراکی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 10.68 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی تھی اور ڈیزل کی قیمت میں 8.37 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے پیٹرول کی قیمت میں 2.31 روپے اضافہ کی منظوری دی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 1.80 روپے فی لیٹر اضافہ منظور کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق اوگرا کی جانب سے مٹی کے تیل میں 10.92 روپے فی لیٹر ، لائٹ ڈیزل میں 14.87 روپے فی لیٹر اضافہ تجویز کیا گیا تھا تاہم مٹی کے تیل کی قیمت میں 3.36 روپے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3.95 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایل پی جی کی قیمت میں بھی 16 روپے فی کلو کا اضافہ
قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 106 روپے فی لیٹر ، ڈیزل کی نئی قیمت 110 روپے 24 پیسے فی لیٹر ہوگی۔ مٹی کے تیل کی نئی قیمت 73روپے 65پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 71روپے 81پیسے مقرر کی گئی ہے جو آج رات 12 بجے سے 15 جنوری تک نافذ العمل رہیں گی۔
دوسری طرف پیٹرول کے بعد عوام پر ایل پی جی بم بھی گرادیا گیا، ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 16 روپے کا اضافہ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایل پی جی کا 11.8 کلوگرام گھریلو سلنڈر 187 روپے مہنگا کردیا گیا۔ اوگرا نے ایل پی جی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ ایل پی جی کی نئی قیمت 147 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ دسمبر میں ایل پی جی کی قیمت 131 روپے فی کلو تھی۔ ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق جنوری 2021 کیلئے ہوگا۔
ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 1740 روپے مقرر کی گئی ہے۔ دسمبر میں ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 1553 روپے تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو بھجوائی تھی۔ اوگرا کی سمری میں پیٹرول 2 روپے 96 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق حکومت ہائی سپیڈ ڈیزل 3 روپے 12 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے پر غور کیا جا رہا تھا جبکہ مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت بھی اضافہ کرنے کی تجویز زیر غور تھی۔
یاد رہے کہ ابھی پندرہ روز قبل 15 دسمبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی لٹر 5 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔
وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لٹر قیمت اس وقت 103 روپے 69 پیسے ہے۔ دوسری طرف ہائی سپیڈ ڈیزل 3 روپے اضافے کے بعد 108 روپے 44 پیسے پر فروخت ہو رہا ہے جبکہ مٹی کا تیل 5 روپے اضافے کے بعد 70 روپے 29 پیسہ کا کر دیا گیا تھا۔ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت بھی 5 روپے اضافے کے بعد 67 روپے 86 پیسہ فی لیٹر مقرر ہے۔