سال 2020 بلکل اپنے اختتام کے قریب قریب ہے، کچھ روز بعد ہم نئے سال اور نئی دہائی کا آغاز نئی اُمیدوں ، نئی اُمنگوں ، کچھ نئی و جدید ٹیکنالوجیز ، نئے سماجی و سفارتی تعلقات کریں گے ۔ تاہم 2019 کا اختتام اور 2020 کا آغاز نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے لئے کچھ اچھا نہ تھا ۔ نئے سال کے آغاز ہی میں عالمی وبا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لئے لیا تھا جس نے پورے سال ہی پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں رکھا ۔
کووڈ – 19 یعنی کورونا وائرس نامی عالمی وبا نے جہاں نا صرف معیشت ، تجارت ، تعلیم سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی کو متاثرکیا ہے وہیں اس سال کئی مشہور شخصیات بھی عالمی وبا ، حادثات یا بیماری کے باعث ہم سے جدا ہوگئیں ۔
جنوری 2020
7 جنوری 2020 کو پاکستان کے معروف قانون دان فخرالدین جی ابرہیم طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے تھے ۔ انتقال کے وقت ان کی عمر 91 برس تھی ۔ فخرالدین جی ابراہیم نے اٹارنی جنرل آف پاکستان، چیف الیکشن کمشنر، وفاقی وزیرقانون اور سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان کی حیثیت سے ملک وقوم کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں اس کے علاوہ سٹیزن پولیس لائزن کمیٹی جیسا ادارہ بھی قائم کیا ۔
10 جنوری 2020 کو عمان کے سلطان قابوس بن سعید 80 سال کی عمر میں پانچ عشروں تک اقتدار پر فائز رہنے کے بعد ہمیشہ کے لیے جدا ہوگئے ۔ سلطان قابوس سرطان کی بیماری میں مبتلا تھے
26جنوری2020 کو مشہور امریکی باسکٹ بال کھلاڑی 41 سالہ کوبی برائنٹ ہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال کرگئے ۔ 41 سالہ کوبی برائنٹ این پی اے کی تاریخ میں سب سے زیادہ اسکور کرنے والے چوتھے کھلاڑی تھے۔ اس کے علاوہ کوبی نے امریکی ٹیم کے لئے دو اولمپک گولڈ میڈل بھی جیتے ہیں ۔
فروری 2020
3 فروری 2020 کو بھارتی ریاست آسام سے تعلق رکھنے والے سیاسی جماعت انڈین نیشنل کانگریس کے ر ہنما پرناب کمار گوگوئی انتقال کرگئے تھے ۔ پرناب شعبے کے اعتبار سے وکیل بھی تھے ۔ وہ آسام کے قانون ساز اسمبلی کے رکن طور پر چار مرتبہ منتخب ہوئے ۔ انہوں نے آسام کے قانون ساز اسمبلی اور آسام کی حکومت کے وزیر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
7 فروری2020 کوپہلی مرتبہ عالمی وبا کورونا وائرس سے خبردار کرنے والے چینی ڈاکٹر لِی وینلیانگ چین کے مقامی ہسپتال میں انتقال کر گئے تھے ۔ ڈاکٹر لِی کورونا وائرس کا شکار ہونے کے باعث اس جہان ِ فانی سے رخصت ہوئے تھے ۔
ڈاکٹر لی ووہان کے مرکزی ہسپتال میں آنکھوں کے ڈاکٹر کے فرائض سرانجام دے رہے تھے ، انھوں نے 30 دسمبر کو اپنے ساتھی ڈاکٹروں کو کورونا وائرس سے خبردار کیا تھاتاہم اس وقت چین میں حکام نے انھیں ’غلط اطلاعات پھیلانے‘ سے باز رہنے کو کہا تھا ۔
20فروری 2020 کو پاکستان کے سابق باکسنگ اولیمپئین عثمان اللہ برین ٹیومر کے باعث انتقال کرگئے تھے ۔ کینیڈا میں دوران ِ علاج جانبر نہ ہوسکے اور خالق ِ حقیقی سے جاملے ۔
عثمان اللہ خان نے اٹلانٹا اولمپک گیمز 1996 اور سڈنی اولمپک گیمز 2000میں بین الاقوامی باکسنگ کوالیفائنگ مقابلوں میں حصہ لیا اور گولڈ اور سلور میڈلز جیت کر دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ، اس کے علاوہ ابق باکسر نے متحدہ عرب امارات اور کینیڈا میں باکسنگ کوچ کی حیثیت سے بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا بھی منوایا۔
2فروری 2020 کو مصر پر تین دہائیوں تک حکمرانی کرنے والے صدر حسنی مبارک طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے ۔ انتقال کے وقت حسنی مبارک کی عمر 91 برس تھی ۔ وہ مسلسل تین دہائیوں تک مصر کے صدر رہےتاہم سن 2011 میں عرب اسپرنگ کے دوران سابق مصری صدر حسنی مبارک کو اپنے عہدے سے دستبردار ہونا پڑا تھا ۔
مارچ 2020
6 مارچ 2020 کو لاکھوں چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے والے پاکستان کے مشہور کامیڈین اور اسٹیج اداکا ر امان اللہ علالت کے باعث خالقِ حقیقی سے جاملے ۔ امان اللہ 2018 سے گردوں اور پھیپھڑوں کے امراض میں مبتلا تھے ۔ تاہم جنوری 2020 مین نمونیہ کی شکایت ہونے پر انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا تھا ۔
انتقال کے وقت ان کی عمر 70 برس تھی ۔ فن کی دنیا میں بہترین کارکردگی دکھانے پر حکومت پاکستان نے 2018ء میں انہیں تمغۂ حسنِ کارکردگی سے نوازا۔
اپریل 2020
29 اپریل 2020 کو بالی وڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان خان 54 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ۔ عرفان خان نیورو اینڈوکرائن ٹیومر(آنتوں کے کینسر ) کا شکار تھے۔
عرفان خان نے اپنے کریئر میں بالی وڈ کی 100 سے زائد فلموں میں کام کیا جن میں پیکو، مقبول، حاصل، ہندی میڈیم، لنچ باکس اور پان سنگھ تومر جیسی کامیاب فلمیں بھی شامل ہیں۔عرفان خان نے بالی وڈ کے علاوہ ہالی وڈ میں بھی اپنی اداکاری کا لوہا منوایا ۔
30 اپریل 2020 کو بالی ووڈ کے لیجنڈری اور رومانوی اداکار رشی کپور 67 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ۔ رشی کپور کینس کے عارضے میں مبتلا تھے ، تاہم امریکہ کے اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں دورانِ علاج لاکھوں سوگواروں کو چھوڑ کر اس جہاں نِ فانی سے کُوچ کرگئے ۔
رشی کپور نے 1973 میں فلم ’بوبی‘ سے اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا ،رشی کپور نے 150 سے زائد بھارتی فلموں میں کام کیا ، اُن کی بہترین فلموں میں بوبی، چاندنی، جوکر، امر اکبر انتھونی اور دیگر شامل ہیں۔
مئی 2020
5 مئی 2020 میں امریکی مشہور ریپر و سانگ رائٹر وِلیم اینٹونیو ڈینیلز المعروف کِنگ شوٹر 27 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے ۔ کنگ شوٹر عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے جس کے باعث ان کا جگر بری طرح متاثر ہوا تھا اور وہ جانبر نہ ہوسکے تھے ۔
6 مئی 2020 کو برطانوی گلوکار اور سانگ رائٹر برائن ہووئے 66 برس کی عمر میں حرکت ِ قلب بند کے باعث انتقال کرگئے تھے ۔ برائن ہووئے مشہور برطانوی راک بینڈ بیڈ کمپنی میں بطور واکلسٹ فرائض سرانجام دے رہے تھے ۔
جون 2020
2 جون 2020 کو پاکستان کے نامور ادیب اور اردو لٹریچر فیسٹیول کے بانی آصف فرخی دل کا دور ہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے ۔ ان کی عمر 61 برس تھی ۔ آصف فرخی نے 60 سے زائد کتابیں لکھیں جن میں افسانے، تراجم وغیرہ شامل ہیں ۔
جون کا مہینہ شوبز انڈسٹری کے لئے بھی سوگوار رہا ۔ 14 جون 2020 کو پاکستان فلم انڈسٹری کی ہر دلعزیز اداکارہ صبیحہ خانم انتقال کر گئیں تھیں ، صبیحہ خانم نے فلمی کیریئر کا آغاز 1949 میں فلم بیلی سے کیا ۔ صبیحہ خانم پاکستانی سلور سکرین کی وہ پہلی خاتون تھیں جنہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی ملا۔
17 جون 2020 کو نیلام گھر سے شہرت پانے والے پاکستان کے لیجنڈ اداکا ر ، میزبان طارق عزیز 84 برس کی عمر میں اس جہان ِ فانی سے رخصت ہوگئے ۔طارق عزیز نے اپنے کرئیر کا آغاز 1964 میں ریڈیو پاکستان لاہور سے کیا تھا ۔ طارق عزیز نے ریڈیو اور ٹی وی کے علاوہ فلموں میں بھی کام کیا تھا۔ ۔ پاکستان کی حکومت نے طارق عزیز کی خدمات کے صلے میں انھیں 1992 میں صدارتی تمغۃ حسنِ کارکردگی سے نوازا تھا۔
طارق عزیزنے پاکستان کی سیاست میں بھی قدم رکھا اور 1997 کے عام انتخابات میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے ۔
جولائی 2020
8 جولائی کو آئیوری کوسٹ کے وزیر اعظم 61 سالہ اماڈو گون کور بیلی اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔
12 جولائی 2020 کو ہالی ووڈ اور امریکی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی 57 سالہ کیلی پرسٹن کنیسر کے باعث انتقال کرگئیں تھیں ۔ کیلی پرسٹن نے 1983 میں اپنئ کرئیر کا آغازکیا جبکہ تقریباً 60 فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اس جے علاوہ گانوں میں ماڈلنگ بھی کی
اگست2020
29 اگست 2020 کو ہالی وڈ کے اداکار اور فلم بلیک پینتھر کے ہیرو چیڈوک بوسمین 43 برس کی عمر میں کینسر کے باعث انتقال کرگئے تھے ۔ چیڈوک بوسمین نے 2003 میں اداکاری کی شروعات کی تھی جبکہ 2013 کے بعد فلموں میں جلوہ گر ہوئے ۔
بلیک پینتھر میں مرکزی کردار ادا کرنے کے علاقہ چند بائیوگرافی فلموں میں کھلاڑیوں، سیاستدانوں اور انسانی حقوق کے سیاہ فام علمبرداروں کے شاندار کردار بھی ادا کیے۔
ستمبر2020
· 18 ستمبر 2020 کو 87 سالہ امریکی سپریم کورٹ کی جسٹس روتھ بیڈر گنزبرگ کینسر کے باعث انتقال کر گئیں تھیں ۔ روتھ بیڈر گنزبرگ کا شمار امریکی تاریخ میں خواتین کے حقوق کے لیے لڑنے والی خواتین میں اہم ترین لوگوں میں ہوتا ہے۔
نومبر 2020
11نومبر 2020 کو بحرین کے وزیر اعظم اور دنیا کے سب سے طویل عرصے تک وزیر اعظم رہنے والے شہزادہ خلیفہ بن سلمان آل خلیفہ 84 سال کی عمر میں فوت ہوگئے۔ شہزادہ خلیفہ بن سلمان 1970 سے بحرین کے وزیر اعظم تھے ۔انہوں نے بحرین پر تقریباً پانچ دہائیوں تک حکومت کی ۔
25 نومبر کو ارجنٹائن کے فٹ بال کے لیجنڈ 60 سالہ ڈیاگو میراڈونا انتقال کرگئے تھے ان کا انتقال حرکتِ قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوا۔میراڈونا نے ارجنٹائن کیلئے91 میچز کھیلے۔ کیریئر میں301 گول کیے۔1986 میں ارجنٹائن کوعالمی چیمپیئن بنوایا ۔
دسمبر2020
2 دسمبر 2020 کو فرانس کے سابق صدر 94 سالہ ویلری گسکارڈ ایس اسٹینگ کا عالمی وبا کورونا کے باعث انتقال ہوگیا۔ویلری گسکارڈ ایس اسٹینگ1974 سے 1981 کے درمیان فرانس کے صدر رہے ۔ ویلری گسکارڈ ایس اسٹینگ1974 اپنے سات سالہ دورہ حکومت میں رائے دہندگی کی عمر کو 21 سے 18 سال تک کم کردیا ، جسے آج کے دور میں فرانسیسی نوجوانوں کے لئے ایک بڑا قدم سمجھا جاتا ہے۔
سال 2020 اپنے ساتھ بہت سے قیمتی انسان اور شخصیات کو لےکر جارہا ہے جنہیں اب پانا اب ناممکن سا ہے تاہم نئے آنے والے سال اور اگلی دہائی کے بہترین آغاز کے لئے دعا گو ہیں کہ آنے والےسال اور دہائی کا آغاز بہترین اور خوشگوار یادوں کےساتھ ہو۔ آمین !
_____________________________________________
کراچی سے تعلق رکھنے والی رومیصہ ملک نجی ٹی وی چینل سے وابستہ ہیں۔ بطور لکھاری ان کے فیچرز اور کالم نامور اخبارات اور میگزین کی زینت بنتے رہتے ہیں۔